عید کے موقع پر خواتین کی اولین ترجیح ہوتی ہے کہ مہمانوں کے لیے انواع و اقسام کے لذت بھرے پکوان سے عید ٹرالی کو سجادیں اس کے لیے کبھی کسی سے ڈش کی ترکیب پوچھی جاتی ہے تو کبھی انٹرنیٹ پر ڈھونڈا جا تا ہے اگر آپ بھی مزیدار میٹھوں اور بہت سی لذیذ ڈشوں سے عید پر اپنے مہمانوں کی تواضع کرنا چاہتی ہیں تو ذیل میں درج تراکیب کو آزمائیے آپ کے مہمان یقینا آپ کو سراہیں گے بلکہ دوبارہ فرمائش کرکے بنوائیں گے۔
شاہی شیر خرمہ
اجزاء:گھی…ایک کھانے کا چمچ،سویاں…50 گرام،دودھ… ایک لیٹر،چینی… آدھا کپ یا حسب ذائقہ،کھویا… ایک کپ،بادام… دس عدد،پستہ… دس عدد،کشمش… آدھی پیالی،چھوہارے… دس عدد،زردے کا رنگ… چٹکی بھر،کریم… آدھا کپ،چاندی کی ورق… سجاوٹ کے لیے
ترکیب: بادام پستے باریک کاٹ لیں، کشمش صاف کرکے بھگودیں چھوہارے گٹھلی نکال کر باریک کاٹ لیں، دودھ میں چینی ڈال کر پکنے رکھ دیں دوسری دیگچی میں گھی گرم کرکے سویاں بھون کر دودھ میں شامل کرلیں ساتھ بادام پستے، کشمش اور چھوہارے بھی شامل کردیں پکنے دیں چند منٹ بعد کھویا بھی چورا کرکے شامل کرلیں اور اس کو ملاکر اتار کر ٹھنڈا کرلیں پھر اس میں کریم ملاکر کسی خوبصورت پیالے میں ڈال کر چاندی کا ورق سجادیں لذیذ شاہی شیر خرمہ تیار ہے۔
ٹوٹی فروٹی کریم ڈیلائٹ
اجزا: کریم… دو پیکٹ،فروٹ کوکٹیل… ایک ٹن،لال جیلی… ایک ساشے،سبز جیلی… ایک ساشے،چاکلیٹ… سجاوٹ کے لیے
ترکیب: کریم کو ایک پیالے میں پھینٹ لیں اس میں فروٹ کوکٹیل کو اس طرح شامل کریں کہ اس میں سیرپ شامل نہ کریں تھوڑا سا سیرپ حسب ذائقہ کریم میں ملاکر فریج میں رکھ دیں ،جیلی کو بنانے کے لیے پانی پونا کپ ابالیں اس میں ایک جیلی کا ساشے کھول کر ڈالیں پکاکر پلیٹ میں جمادیں اسی طرح دوسری جیلی بھی بناکر جمادیں جم جائے تو چھری سے چھوٹے ٹکڑے کاٹ کر آدھی جیلی کریم میں ملادیں آدھی جیلی کو کریم کے اوپر سجادیں۔ چاکلیٹ کو باریک کرش کرکے اس کے اوپر سجادیں، فریج میں ٹھنڈا کرنے کے لیے رکھ دیں۔
مینگو برفی
اجزاء: آم… تین عدد،دودھ… ایک کپ، چینی…حسب ذائقہ،بادام…سجاوٹ کے لیے، پستے … سجاوٹ کے لیے، کاجو… سجاوٹ کے لیے، ملک پاؤڈر… آدھا کپ، مکھن یا گھی… ایک کھانے کا چمچا
ترکیب: آم کا چھلکا اتار کر اس کے ٹکڑے کرلیں اور اس کو بلینڈر میں پیس لیں بادام پستے باریک کاٹ لیں دیگچی میں مکھن یا گھی ہلکا گرم کرکے اس میں پسا ہوا آم کا گودا ڈال کر تھوڑا پائیں پھر اس میں دودھ اور چینی ملاکر بھونیں پھر اس میں ملک پاؤڈر ملاکر اتنا پکائیں کہ بھونا جائے اور گاڑھا ہوجائے ایک طشتری مین تیل یا گھی لگاکر اس میں یہ آمیزہ ڈال دیں اوپر سے بادام پستے کا جو چھڑک کر گھنٹے بھر کے لیے فریج میں رکھ دیں پھر ٹکڑے کاٹ لیں، لذیذ مینگو برفی تیار ہے۔
کوکیز چاکلیٹ ڈیزرٹ
اجزاء: سادے میٹھے بسکٹ… ایک بڑا، کریم… ایک کپ، کنڈینسڈ ملک… آدھا کپ یا حسب ذائقہ، مکھن… چار کھانے کے چمچا ، کافی… ایک کھانے کا چمچا، اخروٹ… سجاوٹ کے لیے، بادام… سجاوٹ کے لیے، کاجو… سجاوٹ کے لیے، چاکلیٹ چپس…سجاوٹ کے لیے
ترکیب: مکھن کو فریج سے نکال کر باہر رکھ دیں جب نرم ہوجائے تو اس میں کریم کنڈینسڈ ملک، کافی، کوکو پاؤڈر سب کو اچھی طرح ملالیں اب کھلے منہ کے چوڑی ڈش لیں۔ ایک ایک بسکٹ کو اس آمیزے میں ڈبوکر ڈش میں سجاتے جائیں کچھ بسکٹ ٹکڑے کرکے اس آمیزے میں بھی ملادیں اب یہ آمیزہ ڈش میں رکھے بسکٹوں کے اوپر پھیلادیں۔ اخروٹ اور بادام موٹے ٹکروں میں کاٹ لیں اب اخرورٹ اور بادام موٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اب اخروٹ، بادام کا جو اوپر سے سجادیں چاکلیٹ چپس بھی چھڑک دیں اس کو ٹھنڈا کرنے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔
براؤنی کپ کیک
اجزاء: مکھن… سو گرام، چینی پسی ہوئی … آدھا کپ، میدہ… آدھا کپ، انڈے… دو عدد، کوکو پاؤڈر … ایک کھانے کا چمچا، بیکنگ پاؤڈر… ایک چائے کا چمچا، دودھ… دو سے تین کھانے کے چمچا، ونیلاایسنس ایک چائے کا چمچا
ترکیب: اوون کو 180 پر گرم کرنے رکھ دیں، میدے، بیکنگ پاؤڈر اور کوکو پاؤڈر کو تین دفعہ چھان لیں اور ایک طرف رکھ دیں ایک پیالے میں مکھن میں پسی ہوئی چینی ملاکر پھینٹیں، انڈے علیحدہ سے خوب پھینٹ کر مکھن میں ملائیں اور خوب پھینٹیں پھر میدہ تھوڑا تھوڑا کرکے ملائیں اور لکڑی کے چمچ سے گول دائرے میں ملاتے جائیں آخر میں دودھ اور ونیلا ایسنس ملاکر بیکنگ ٹرے میں پیپر کپس لگاکر ان میں اتنا یہ آمیزہ ڈالیں کہ آدھا بھرے اور ٹرے کو اوون میں رکھ دیں بیس سے پچیس منٹ میں تیار ہوںگے اس کو چیک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ٹھو پک اس میں ڈالیں اگر وہ صاف باہر نکلے تو اس کا مطلب ہے کہ کیکس تیار ہیں۔
آلمنڈ اسکوائر
اجزا:بادام… سوگرام، چینی… 75 گرام، مکھن… حسب ضرورت، بادام… سجانے کے لیے، چاندی کے ورق… سجاوٹ کے لیے
ترکیب: بادام کو چند گھنٹوں کے لیے بگھودیں، چینی پیس لیں پھر بادام کا چھلکا اتارلیں اس بادام میں چینی ملاکر پیس لیں جب یہ ایک چیسٹ کی شکل میں آجائے اور اس میں کوئی گھی نہ رہے تو کسی نان اسٹک پین میں دھیمی آنچ اس کو پکائیں۔ چمچ چلاتی رہیں، گاڑھا ہوکر برتن کے کنارے چھوڑدے گا تو کسی بھی طشتری میں مکھن لگاکر چکنا کرلیں اس میں یہ آمیزہ ڈال کر اس کو کسی چمچ یا چھری کی مدد سے برابر کرلیں ۔ اس پر بادام سجادیں، اس کے ٹکڑے کاٹ لیں۔ چاندی کے ورق سجادیں جم جائے تو نوش فرمائیں۔
بلیک فوریسٹ ڈیزرٹ
اجزاء:براؤنیز… ایک کپ چورا کی ہوئی، کریم… ایک پیکٹ، چینی پسی ہوئی… حسب ذائقہ، پائن ایپل… ایک کپ، چاکلیٹ کرش کی ہوئی… آدھا کپ، چیری… سجانے کے لیے
ترکیب: ایک ٹرانسپیرنٹ شیشے کے پیالے میں براؤنیز کا چورا آدھا ڈالیں علیحدہ پیالے میں کریم اور چینی پسی ہوئی ملاکر پھینٹ لیں پھر یہ آدھی براؤنیز کے اورپر ڈالیں پائن ایپل کے آدھے ٹکڑے کریم کے اوپر سجادیں، بقایا براؤنیز کا چورا اس کے اوپر اس طرح ڈالیں کہ ایک تہہ بن جائے اس پر بچی ہوئی کریم ڈالیں پھیلادیں اس پر بقایا پائن ایپل کے ٹکڑے سجاکر چاکلیٹ کرش کی ہوئی چھڑکیں چیری سجاکر اس کو فریج میں رکھ دیں۔ مزیدار میٹھا تیار ہے۔
سویوں کا ٹرائفل
اجزاء:دودھ… ایک کلو، موٹی رنگ برنگی سویاں… ایک کپ، چینی… ایک کپ یا حسب ذائقہ، جیلی… ایک پیکٹ، فروٹ کوکٹیل… ایک کپ، کریم… ایک پیکٹ، بادام پستے… حسب ضرورت
ترکیب: دودھ میں تھوڑا پانی ملائیں پھر اس میں موٹی رنگ برنگی سویاں اور چینی ملاکر پکنے دیں سویاں گل جائیں اور دودھ بھی تھوڑا گاڑھا ہوجائے تو اتار کر ٹھنڈا کرنے رکھ دیں ایک سے ڈیڑھ کپ پانی ابال کر جیلی کو پکاکر بنالیں آدھی جیلی ایک شیشے کے پیالے میں ڈالیں بقایا آدھی ایک پلیٹ یا طشتری میں جمادیں، جب جیلی جم جائے تو پیالے میں جیلی کے اوپر احتیاط سے آدھی سویاں ڈال دیں پھر آدھا فروٹ کوکٹیل ڈالیں اور اس کے اوپر بقایا سویاں ڈال کر اس کے اوپر کریم کی تہہ بچھادیں اس کے اوپر جیلی کے ٹکڑے کاٹ کر وہ سجائیں فروٹ کوکٹیل اور باریک کٹے بادام پستے بھی سجادیں، مزیدار ٹرائفل تیار ہے فریج میں ٹھنڈا کرکے نوش فرمائیں۔
پائن ایپل ڈیلائٹ
اجزاء:کریم… دو پیکٹ، پائن ایپل… ایک ٹن، پیلے رنگ کی جیلی… ایک پیکٹ، اخروٹ… ایک کپ چھلے ہوئے
ترکیب: جیلی کو ایک سے ڈیڑھ کپ پانی ابال کر اس میں پکاکر جمالیں کریم میں پائن ایپل کے ٹکڑے ملالیں اور آدھے اخروٹ کے ٹکڑے ملالیں پائن ایپل کے سیرپ میں سے تھوڑا سیرپ حسب ذائقہ شامل کریں آدھی جیلی کے ٹکڑے بھی ملالیں اب یہ کسی خوبصورت شیشے کے پیالے میں ڈال کر اوپر سے جیلی کے ٹکڑے اور اخروٹ کے ٹکڑے سجادیں فریج میں ٹھنڈا کرکے نوش فرمائیں۔
The post عید کی ٹرالی کو لذت بھرے پکوانوں سے سجائیے appeared first on ایکسپریس اردو.