پانی پینا
رقیہ محی الدین ، لاہور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی کے گھر آئی ہوئی ہوں ، بظاہر کسی جاننے والے کا نہیں لگتا ، مگر وہاں کافی رشتے دار موجود ہوتے ہیں۔ میں ایک کمرے میں بیٹھی اپنی کچھ کزنز سے باتیں کر رہی ہوتی ہوں کہ جانے کیوں اٹھ کر ادھر ادھر گھومنے لگ جاتی ہوں ۔ ایک کمرے میں ٹیبل پر کچھ گلاس پڑے ہوتے ہیں اور ساتھ مختلف قسم کے مشروبات، میں پانی کی بوتل اٹھا کر ایک انتہائی نازک اور صصفا گلاس میں پانی ڈال کر پیتی ہوں۔ پانی پینے کے بعد مجھے فرحت و تازگی کا احساس ہوتا ہے جیسے عام طور پر مشروبات پینے کے بعد ۔ اس کے بعد مجھے کچھ خاص یاد نہیں کہ پھر کیا ہوا۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظا ہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے عمر میں برکت اور بیماری سے شفاء ہو گی، جس سے گھر میں آرام و سکون ملے گا، رزق میں اضافہ ہو گا جس سے یقینی طور پر کاروبار میں بھی برکت ہو گی۔ اللہ تعالیٰ مال و نعمت میں اضافہ فرمائیں گے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اورکثرت سے یاشکور پڑھا کریں۔ کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔
روحانی موضوع پر کتاب پڑھنا
جمیلہ خان ، اسلام آباد
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھی پڑھ رہی ہوں۔ میری سٹڈی ٹیبل پر جہاں میں اپنی کتابیں رکھتی ہوں وہاں میری بہن کی بھی کچھ کتب پڑی ہوتی ہیں۔ میں ایسے ہی ایک کتاب اٹھا کر اس کا مطالعہ شروع کردیتی ہوں۔ اس میں کافی دلچسپ باتیں لکھی ہوتی ہیں، خاص طور پر مذہبی، صوفیانہ اور روحانی موضوعات لکھے ہوتے ہیں۔ میں مزے سے اس کو پڑھتی ہوں اور دل میں سوچتی ہوں کہ آپی سے کہوں گی کہ اس طرح کی اور کتابیں بھی لے کر آئیں۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے علم میں اضافہ ہو گا اور اس علم سے آپ فائدہ بھی اٹھائیں گے۔ برے کاموں سے پرہیز ہو گا اور نیکی کی طرف آپ کا ذہن رہے گا ۔ علم کی روشنی سے راہ نجات ہو گی۔ اس نور سے آپ خود کو اور دنیا کو روشن کرنے کی کوشش کریں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا علیم کا وردکیا کریں ۔
قالین خریدنا
ثریا جمیل، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اور میری امی شاپنگ کرنے گئی ہوئی ہیں اور پارکنگ میں ایک افغانی قالین بیچ رہا ہے ۔ وہ قالین زبردستی ہم کو بیچنے کی کوشش کرتا ہے۔ میری امی تو ذوق و شوق سے اس سے بھاؤ تاؤ کرنے لگی ہوتی ہیں، مگر مجھے بہت کوفت ہو رہی ہوتی ہے۔ اس بھاؤ تاؤ کے دوران ایک نیا قالین کھلنے پر مجھے بھی پسند آجاتا ہے۔ میں بھی بھاؤ تاؤ کرنے لگ جاتی ہوں اور آخرکار ہم اپنی من چاہی قیمت پر اس کو خرید لیتے ہیں۔ پھر مجھے بہت خوشی ہوتی ہے اور میں امی کے ساتھ اسی کو ڈسکس کرتی گھر آجاتی ہوں ۔
تعبیر :۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کاروبار یا ملازمت میں ترقی ہو گی ۔ اس طرح کاروبار میں ایک مخلص یا ایماندار ساتھی بھی مل سکتا ہے۔ گھریلو معاملات میں بھی آرام و سکون ہو گا ۔ مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یا عزیز کا ورد بھی کیا کریں۔
کھانے میں سوکھی روٹی
سارہ حق، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کالج سے جب واپس آتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ گھر والے سب نانی کے گھر گئے ہوئے ہیں۔ بھوک کی وجہ سے میں کھانا لینے باورچی خانے میں جاتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ امی نے کھانا میز پر سجا کر رکھا ہوتا ہے۔ میں سکون کا سانس لے کر کھانے بیٹھتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ روٹی تو کل کی بنی ہوئی ہے، تازہ نہیں ہے، کافی سوکھی ہوتی ہے اور سخت بھی۔ میرا دل کھانے سے اچاٹ ہو جاتا ہے اور میں واپس اپنے کمرے میں آجاتی ہوں۔
تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا مصیبت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ گھر میں کوئی بیماری یا لاچار گی کے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔ مالی پریشانی بھی مراد ہو سکتی ہے جس سے مال اور وسائل میں کمی آسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔
موسم سے لطف اندوز ہونا
ملیحہ ارسلان، گوجرانوالہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کی چھت پر کھڑی موسم سے لطف اندوز ہو رہی ہوتی ہوں۔ میری چھت پر بہت سے رنگا رنگ پھول کھلے ہوئے ہیں اور آسمان کا رنگ مزید نیلا ہو جاتا ہے، یعنی بالکل ہی نیلا۔ مہربانی کر کے اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے مشکلات کا خاتمہ ہو گا اور آرام اور سکون کی زندگی نصیب ہو گی ۔ اللہ تعالیٰ رزق میں برکت عطاء فرمائیں گے اور مال و وسائل میں برکت ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا عزیز کا ورد بھی کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کردیں۔
قربانی کی گائے خریدنا
نفیسہ علی، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی فیملی کے ساتھ چھٹیاں گزارنے اپنے آبائی گاؤں آئی ہوئی ہوں۔ عید قربان قریب ہونے کی وجہ سے گاؤں میں بھی لوگوں نے مختلف قسم کے جانور رکھے ہوئے ہیں۔ مجھے جانوروں سے بہت پیار ہے اور لاہور میں بھی میں نے کافی جانور پال رکھے ہیں۔ گاؤں میں ابو سے کہتی ہوں کہ ہمارے لئے بھی جانور ابھی سے لے آئیں۔ اس پر میرے ابو بھی ایک گائے خرید کر لے آتے ہیں۔ ا گلے منظر میں ، میں خود کو اور اپنے کزنز کو اس گائے کے اردگرد پھرتے دیکھتی ہوں، وہ بہت پیاری ہوتی ہے۔ اس کے بعد مجھے کچھ خاص یاد نہیں۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے جلد کوئی خوشخبری ملے گی۔ اس سے مراد شادی اورکاروبار میں ترقی بھی ہو سکتی ہے۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں تو گھر میں سکون اور راحت ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
جھاڑیوں میں کپڑے الجھنا
رمشہ اویس، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے سکول کے ٹرپ کے ساتھ بچوں کو لے کر کسی پر فضا مقام پر آئی ہوئی ہوں، لنچ کے لئے سب بچے جب ایک ہال نما کمرے میں جمع ہوتے ہیں تو میں اپنی ڈیوٹی کسی دوسری ٹیچر کو دے کر ذرا باہر گھومنے نکل جاتی ہوں۔ ایک پگڈنڈی سی بنی ہوتی ہے اور راستہ اوپر پہاڑ کی طرف جا رہا ہوتا ہے۔ میں مگن سی جا رہی ہوتی ہوں کہ اگلے حصے میں جو درخت ہوتے ہیں ان پر کافی تیز کانٹے دار جھاڑیاں لگی ہوتی ہیں جو کہ راستہ تنگ ہونے کی وجہ سے میرے کپڑوں میں لگ جاتے ہیں اور الگ کرتے وقت بہت سے کانٹے میرے ہاتھوں میں چبھ جاتے ہیں اور کافی جلن کے ساتھ تکلیف ہوتی ہے۔ واپسی کے لئے کوشش کرتی ہوں تو میرے کپڑے مزید الجھ جاتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا رنج و غم پیش آسکتا ہے۔ اسی سے بیماری بھی مرا د ہو سکتی ہے۔ جس کی وجہ سے رنج و غم یا پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو بے وضو یا حفیظ یا عزیز کا ورد کیا کریں۔
مرحومہ والدہ کا ملنا
نعمان مسعود ، اسلام آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں چھٹیاں گزارنے گھر آیا ہوا ہوں اور تقریباً ہفتہ بھر گھر والوں کے ساتھ گزار کر اگلے روز واپس جانے والا ہوں۔ سوتے ہوئے دیکھتا ہوں کہ میری امی ایک لفافہ سا لے کر کمرے میں آتی ہیں اور میرے اوپر سے وار کر ساتھ کھڑی ملازمہ کو دے دیتی ہیں ۔ واضح رہے کہ میری والدہ حیات نہیں ہیں ۔ یہ خواب دیکھ کر میری آنکھ کھل گئی اور میں دوبارہ نہیں سو سکا ۔ برائے مہربانی مجھے اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے غم اور پریشانی ہے نجات ملے گی۔ قرض کی ادائیگی کی بھی بہتر سبیل ہو سکتی ہے۔ اگر گھر میں کوئی بیمار ہے تو اس کو شفاء ملے گی ۔ کاروبار میں اضافہ ہو گا جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی اور اس سے گھر کا ماحول بھی بہتر ہو گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ اپنی والدہ کی مغفرت وبلند درجات کے لئے فاتحہ پڑھیں یا ان کے نام کا درخت لگائیں ۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.