Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

یہ مِلتے جُلتے چہرے

$
0
0

بولی وڈ کی حسین دنیا کی رنگینی اور چمک دمک اسٹارز ہی کی مرہون منت ہے۔ اس دنیا میں آئے دن کچھ نہ کچھ واقعات ایسے ہوتے رہتے ہیں جن کی مدد سے ان سیلیبریٹیز کی شہرت میں مزید اضافہ ہوتا جاتا ہے۔

چاہے وہ کوئی تنازعہ ہو یا پھر کسی ساتھی اداکار سے عداوت، فلموں کی ناکامی ہو یا نمبروں کی دوڑ۔ ہر کوئی اس قسم کی منفی چیزوں کا فائدہ اٹھا کر مقبول ہورہا ہے، حالاں کہ کہنے والے تو یہ بھی کہتے ہیں کہ یہ سب سستی شہرت حاصل کرنے کے پرانے طریقے ہیں۔ ایسے ہتھکنڈوں سے ملنے والی شہرت دیرپا نہیں ہوتی۔ اصل شہرت تو اپنے کام ہی سے ملتی ہے۔ بولی وڈ میں بہت سے اسٹارز نے صرف اس لیے شہرت پائی کہ ان کی شکل وصورت میں کسی مشہور شخصیت کی جھلک نظر آتی تھی۔ ذیل میں چند ایسی ہی شخصیات کا ذکر ہے:

٭ رانی مکرجی اور ڈیزی شاہ: سلمان خان کی فلم جے ہو میں مرکزی رول کرنے والی اداکارہ ڈیزی شاہ نے جب اس فلم میں کام شروع کیا تو پریس میں اس بات کے چرچے ہونے لگے کہ ڈیزی بڑی حد تک اداکارہ رانی مکرجی سے مشابہت رکھتی ہے۔ حالاںکہ خود ڈیزی اس بات سے انکار کرتی ہے، کیوںکہ اس کے خیال میں ان دونوں کی شخصیت میں واضح فرق موجود ہے۔ ڈیزی لمبی ہے، جب کہ رانی کا بوٹا سا قد ہے، لیکن اگر صرف چہرہ دیکھا جائے تو یہ بات ماننا پڑے گی کہ ڈیزی کسی حد تک رانی سے مشابہت رکھتی ہے ۔

٭ ایشوریا رائے بچن اور سنہیا اولال:کیا اسے محض ایک اتفاق کہیں گے کہ سلمان خان نے اپنی ہوم پروڈکشن فلم لکی، نو ٹائم فار لو کے ذریعے واقعی انہوں نے فلم انڈسٹری کے ٹیلنٹ میں اضافہ کرنا چاہا تھا یا وہ اپنی سابقہ گرل فرینڈ ایشوریا سے کسی قسم کا بدلہ لینا چاہتا تھا؟ کیوںکہ سنہیا میں صرف نام کی حد تک ہی مماثلت تھی۔ اس میں اداکارانہ صلاحیتیں نہ ہونے کے برابر تھیں۔ فلم لکی میں اس کے ہٹ ہونے کی صرف دو وجوہات تھیں۔ ایک تو یہ کہ سلمان خان نے اس کی اداکارانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اس پر بہت کام کیا۔

اسے اداکاری کے اسرارورموز بتائے چہرے کے تاثرات سے کب اور کیسے کام لیا جائے یا اسکرپٹ اور کہانی کے حساب سے باڈی موومنٹ کیسی ہونی چاہیے۔ ان سب کے علاوہ سنہیا کو ڈانس کی بھی مکمل تربیت دی گئی کہنے والے کہتے ہیں کہ ان دنوں سلمان کو ایشوریا سے بریک اپ کا صدمہ بہت زیادہ تھا اور اسی غم کو غلط کرنے کے لیے انہوں نے سنہیا کو مکمل تیاری کے ساتھ فلم انڈسٹری میں متعارف کرایا، تاکہ لوگ اصل ایشوریا کو بھول جائیں اور صرف سنہیا کو یاد رکھیں، لیکن اتنی محنت اور اتنی بڑی فلم کرنے کے بعد سنہیا ایک ناکام اداکارہ تصور کی گئی، جس میں خوب صورتی یا ایشوریا سے مماثلت کے سوا کچھ نہ تھا۔

٭ بھاگیہ شری اور بھومیکا چاولہ: فلم انڈسٹری میں ایک دوسرے میں مشابہت تلاش کرنا ایک عام سی بات ہو گئی ہے۔ بھاگیہ شری سلمان خان کی پہلی ہیروئن تھی۔ ان کی مشترکہ فلم میں نے پیار کیا ایک سپر ہٹ فلم تھی۔ بھاگیہ کی جوڑی کو سلمان کے ساتھ اتنا پسند کیا گیا کہ اکثر لوگوں کا خیال تھا کہ انہیں شادی کرلینی چاہیے، لیکن ایسا ممکن نہ تھا۔ سلمان کا جھکائو بھاگیہ کی طرف بہت زیادہ تھا۔ اپنی پہلی فلم کی کام یابی کے بعد وہ زیادہ سے زیادہ فلمیں بھاگیہ کے ساتھ کرنے خواہش رکھتے تھے، لیکن اس فلم کے بعد بھاگیہ نے اداکار ہمالہ سے شادی کرلی اور ہمالہ نے یہ شرط عاید کردی کہ بھاگیہ صرف اس کے ساتھ ہی کام کرے گی۔

اس کے بعد ساؤتھ انڈیا کی اداکارہ بھومیکا چاولہ نے جب سلمان کے ساتھ فلم تیرے نام میں کام کا تو بھاگیہ کے ساتھ شکل وصورت کی مشابہت کی بنا پر یہ کہا گیا کہ سلمان کو بھاگیہ کا نعم البدل مل گیا ہے۔ ان دونوں اداکاراؤں میں بے حد مشابہت تھی۔ دونوں ہی معصومیت اور سادگی کا پیکر تھیں۔

٭ انوشکا شرما اور نازیہ حسن:یش راج بینر کی دریافت انوشکا شرما کو پہلی بار شاہ رخ خا ن کے ساتھ فلم رب نے بنادی جوڑی میں متعارف کرایا گیا تھا۔ جب یہ فلم ریلیز ہوئی تو بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ انوشکا کی شکل وصورت پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن سے بہت ملتی جلتی ہے۔ اس بارے میں انوشکا کا یہ کہنا ہے کہ مجھے کئی بار اس بات کا احساس دلایا گیا کہ مجھ میں نازیہ حسن کی مشابہت آتی ہے تو میں نے بہ طور خاص ان کی تصاویر نیٹ پر دیکھیں تو مجھے بھی یوں لگا کہ لوگ غلط نہیں کہتے۔

٭ عامر خان اور ٹام ہینکس:لی وڈ اسٹار ٹام ہینکس اب عمر رسیدہ ہوگئے ہیں، لیکن اگر ان کی پرانی فلمیں جیسے Splashاور You have got mailمیں ٹام ہینکس کو دیکھا جائے تو یوں محسوس ہو گا کہ ٹام ہینکس نہیں بلکہ بولی وڈ مسٹر پر فیکشنسٹ عامر خان ہیں ان دونوں گریٹ اسٹارز کی اتنی زیادہ مشابہت کو کسی طرح سے بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

٭ راکھی ساونت اور Haifa wehbe:بولی وڈ کی متنازعہ ماڈل راکھی ساونت نے کئی بار پلاسٹک سرجری کا سہارا لے کر خود کو اس حد تک تبدیل کر لیا ہے کہ اب ان کی شکل وصورت میں لبنانی گلوکارہ حفیہ کی مشابہت نظر آتی ہے۔ شکل کے علاوہ دونوں میں ایک بات اور بھی مشترکہ ہے اور وہ یہ کہ دونوں ہی ہر حد تک بولڈ، بے باک اور منہ پھٹ ہیں۔

٭ دیپکشکا اور پروین بوبی: انڈین ٹی وی اداکارہ اور ماڈل دیپکشا Deepshikha کو ماضی کی حسین اداکارہ پروین بوبی سے تشبہیہ دی جاتی ہے دیپکشکا کچھ فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں، لیکن ان کا فوکس فلموں سے زیادہ ٹی وی رہا ہے۔ ان کے سلکی برائون بالوں سے لے کر مسکراہٹ تک دیپکشکا کو پروین بوبی ہی سمجھا جاتا ہے۔

پریتی زنٹا اور ڈری بیری مور: ہو سکتا ہے کہ کچھ لوگ اس بات سے اتفاق نہ کریں، لیکن اکثریت کا یہی کہنا ہے کہ بولی وڈ کی چلبلی اداکارہ کی شکل وصورت ہالی وڈ اسٹار ڈری بیر مور سے ملتی ہے۔ دونوں اداکارائوں کا نہ صرف فیس کٹ ایک جیسا ہے، بل کہ چہرے پر پڑنے والے ڈِمپل کی وجہ سے بھی ان میں مشابہت نظرآتی ہے۔

٭ ریتھک روشن اور ہرمن باویجہ۔:بولی وڈ سپراسٹار ریتھک روشن نے جس تیزی سے مقبولیت اور کام یابی کی منزلیں طے کیں ایسا بہت کم ہی دیکھنے میں آتا ہے ریتھک نے اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ ڈانس میں بھی خود کو یکتا ثابت کیا اس طرح کہ نئے آنے والے اس کی کاپی کرنے لگے۔

ہرمن نے جب اپنی پہلی سائنس فکشن فلم لواسٹوری 2050میں کام کیا تو اس کے کام میں ہر جگہ ڈانس سے لے کر ایکٹنگ تک اور لباس سے لے کر چلنے پھرنے کے انداز تک میں ریتھک کی جھلک نظر آتی تھی۔ فلم انڈسٹری میں ہرمن کو ریتھک کی کاپی کہا جاتا ہے۔

٭ مادھوری ڈکشٹ اور مدھوبالا:بولی وڈ کی ایک ایسی اداکارہ جنہوں نہ صرف ہر روپ میں کمال کے جوہر دکھائے بلکہ اپنی دل موہ لینے والی مسکراہٹ سے ابھی تک لوگوں کے دلوں پر راج کررہی ہیں اور شاید رہتی دنیا تک کرتی رہیں گی۔ مدھو بالا جنہیں اپنے دور کی کام یاب اور پرکشش ترین اداکارہ مانا جاتا تھا۔

ان کی موت کے بعد کافی عرصے تک یہی سمجھا جاتا رہا کہ مدھوبالا کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا، لیکن جب مادھوری نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھے تو ان کی بھی دل کش مسکراہٹ اور فطری اداکاری کو دیکھ کر یہی گمان ہوا کہ مدھوبالا واپس آگئی ہیں۔ مادھوری ڈکشٹ کو بڑی حد تک لوگ مدھو بالا ہی کی طرح سمجھتے ہیں۔ خود مادھوری کو بھی خود کا مدھو بالا کہلوانا پسند ہے۔

٭ کترینہ کیف اور زریں خا۔ فلم انڈسٹری یہ دونوں ہیروئنز سلمان خان کی دریافت ہیں کترینہ کو جب سلمان نے سہیل خان کی فلم میں نے پیار کیوں کیا میں متعارف کرایا۔ تب سب کو ایسا ہی لگا کہ کترینہ پر سلمان کی غیرمعمولی توجہ ہے، کیوں کہ سلمان کترینہ کو فلم میں لانے سے پہلے ہی جانتے تھے۔ اس فلم کی کام یابی کے بعد ان دونوں کے تعلقات بھی منظر عام پر آگئے اور یہ بات گردش کرنے لگی کہ ایشوریا کے بعد سلمان کو اپنی پسند کی لڑکی مل گئی ہے اور وہ دونوں بہت جلد شادی کرنے والے ہیں، لیکن فلم کی کام یابی کے بعد کترینہ مزید کام کرنے کی خواہش رکھتی تھی، جب کہ سلمان ایسا نہیں چاہتے تھے کترینہ نے سلمان کو چھوڑ کر اکشے کمار کے ساتھ اپنی جوڑی بنالی اور ان کی فلم نو پرابلم کے سپر ہٹ ہونے کے بعد کترینہ سلمان کی دوستی نہ ہونے کے برابر رہ گئی۔

اسی لیے جب سلمان نے اپنی ذاتی فلم ویر کے لیے کترینہ سے رابطہ کیا تو اس نے انکار کردیا۔ تب سلمان نے کترینہ جیسی اداکارہ ڈھونڈھنے کی کوشش شروع کردی، جو انہیں زریں خان کی شکل میں مل گئی۔ زریں خان کو بنی بنائی کترینہ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔ ان دونوں ہیروئنز میں بے حد مماثلت ہے۔ شکل و صورت سے لے کر بالوں اور کپڑوں کے اسٹائل تک ان میں یکسانیت محسوس ہوتی ہے۔ زریں خاں نے فلم ویر کے بعد ایک آدھ فلم میں مزید کام کیا، لیکن وہ کام یاب اداکارہ نہ بن سکی۔

٭ امیتابھ بچن اور سونو سود:بولی وڈ لیجنڈ امیتابھ بچن کے ہر ہر انداز کو کاپی کرنے کی کوشش ان کے طویل کیریر میں کئی لوگوں نے کی۔ کچھ نے وقتی کام یابی حاصل کی اور کچھ نے فلم انڈسٹری ہی چھوڑدی، کیوں کہ امیتابھ کو کاپی کرنا تو شاید آسان ہو لیکن ان جیسا بننا بہت مشکل ہے۔

فلموں کے ایک ابھرتے ہوئے اداکار سونو سود کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ سونو امیتابھ سے مماثلت رکھتے ہیں۔ ویسا ہی دراز قد، مضبوط جبڑے، بالوں کا انداز اور چہرے کی بناوٹ انہیں بہت حد تک امیتابھ جیسا بناتی ہے۔ خود سونو اپنے لیے سب سے بڑا اعزاز سمجھتے ہیں کہ انھیں امیتابھ سے ملایا جاتا ہے۔ سونو کا کہنا ہے کہ امیتابھ بچن کی فلم دیوار ان کی پسندیدہ فلم ہے اور اگر کبھی دیوار کا ری میک بنایا گیا تو وجے کا کردار کرنے پر انہیں بہت خوشی ہوگی۔


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

Trending Articles