بیف فنگرز
اجزاء:
بیف فنگرز مسالا
گائے کا گوشت: بغیر ہڈی کا، ایک کلو
دہی: ایک پاؤ
ادرک لہسن کا پیسٹ: دو کھانے کے چمچے
کچا پپیتا: پسا ہوا، دو کھانے کے چمچے
نمک: ایک سے ڈیڑھ چائے کا چمچا یا حسب ذائقہ
لال مرچ: پسی ہوئی: دو چائے کے چمچے یا حسب ذائقہ
ہرا دھنیا: آدھی گڈی
ہری مرچ: تین سے چار عدد تلنے کے لیے
میدہ: حسب ضرورت
انڈے: دو عدد
سویاں: آدھا پیکٹ، باریک چورا کرلیں
تیل: تلنے کے لیے
ترکیب:
گوشت کو پتلی لمبی قاشوں میں کاٹ لیں۔ قاشیں زیادہ لمبی نہ ہوں، ورنہ تلنے میں مشکل ہوگی۔ اب گوشت دھو کر تمام مسالے لگا کر اچھی طرح ملا کر ہرا دھنیا اور حسب ذائقہ ہری مرچ کو تھوڑے پانی کے ساتھ پیس کر گوشت میں ملالیں۔ چند گھنٹوں کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ پھر دھیمی آنچ پر گوشت گلنے تک پکائیں۔ گوشت گل جائے تو ایک ڈش میں پھیلا کر ٹھنڈا کرلیں۔ پھر انڈے میں چٹکی بھر نمک اور لال مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔ ایک ایک بیف فنگر کو پہلے میدہ لگائیں، پھر پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈبو کر سویوں میں رول کرلیں۔ اب تَل لیں۔ سنہری رنگ ہونے پر ڈش میں نکال کر آلو کے فرنچ فرائز اور ہری چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
سیخ کباب ہانڈی مسالا
سیخ کباب کے اجزا:
گائے کا قیمہ: آدھا کلو
نمک: ایک چائے کا چمچا
ادرک لہسن: پسا ہوا، ایک کھانے کا چمچا
کوٹی ہوئی لال مرچ : ایک چائے کا چمچ
لال مرچ پسی ہوئی: ایک چائے کا چمچا
چاٹ مصالحہ : آدھا چائے کا چمچا
بُھنا کُٹا ہوا زیرہ: آدھا چائے کا چمچا
ہلدی: آدھا چائے کا چمچا
گرم مسالاپسا ہوا: ایک چائے کا چمچا
کالی مرچ پسی ہوئی: آدھا چائے کا چمچا
کُٹا ہوا دھنیا: ایک کھانے کا چمچا
لیموں کا رس: دو کھانے کے چمچے
چھوٹی ہری مرچیں: باریک کُٹی ہوئی، چھے عدد
تازہ ڈبل روٹی: درمیانی سائز کے چار سلائس
انڈے: دو عدد
ہری پیاز: کُٹی ہوئی ایک کپ
کچا پپیتاپسا ہوا: ایک سے ڈیڑھ کھانے کا چمچا
ہانڈی مسالا کے اجزاء:
مکھن: دو کھانے کے چمچے
لہسن: پسا ہوا ایک کھانے کا چمچا
ہری مرچ: درمیان سے کٹی ہوئی چھے عدد
کڑی پتے: حسب ضرورت
چاٹ مسالا: ایک چائے کا چمچا
شملہ مرچ: کٹی ہوئی، ایک عدد
ہرا دھنیا: کَٹا ہوا
پیاز: کٹی ہوئی چھوٹی، ایک عدد
چلی سوس: دو کھانے کے چمچے
تیل: حسب ضرورت
ترکیب:
ڈبل روٹی کا چورا کرلیں۔ پھر سیخ کباب کے تمام اجزاء ملا کر چوپر میں یا سل پر پیس لیں۔ دو گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ پھر ہاتھ پر تھوڑا سا تیل لگائیں اور مل لیں۔ پھر لمبے اور پتلے کباب بنالیں۔ پھر تیل میں درمیانی آنچ پر تل لیں۔ سنہرا رنگ ہونے پر نکال لیں۔ کباب کے اوپر ایک پیالی میں سلگتا کوئلہ رکھ کر چند قطرے تیل اس کے اوپر ڈالیں اور اوپر سے ڈھکن ڈھک دیں۔ کچھ دیر بعد ڈھکن کھول کر کوئلے والی پیالی ہٹادیں۔
ہانڈی میں مکھن ڈالیں۔ چند قطرے تیل بھی ڈال دیں۔ پھر لہسن ڈال کر ہلکا سا کڑکڑائیں۔ پھرتیز آنچ پر ہی پیاز اور کڑی پتا ڈال کر تھوڑا پکائیں۔ پھر شملہ مرچ، ہری مرچ ، چلی سوس ڈالکر تھوڑا سا پکا کر چولہا بند کردیں۔
جس ہانڈی میں پیش کرنا ہو اس میں مسالا ڈالیں کباب ڈالیں اور پراٹھے اور کھٹی میٹھی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
نوٹ: اگر کباب فریز کرنے ہوں۔ ڈش میں پیپر لگا کر کباب رکھ کر فریز کرلیں۔ کچے کباب فریز کیجیے۔ جب پکانے ہوں نکال کر تل کر مسالا بنا کر پیش کردیں۔
قیمہ مسور بریانی
اجزاء:
قیمہ: آدھا کلو
چاول: آدھا کلو، بھگوئے ہوئے
تیل: پونا کپ
پیاز: درمیانی، چار عدد
میتھی: دو گڈی، پتے پانی میں بھگودیں
ثابت گرم مسالا: حسب ضرورت
آلو: چار عدد
نمک: حسب ذائقہ
لال مرچ: پسی ہوئی، دو چائے کے چمچے
زیرہ: بھنا، کٹا ہوا، ایک چائے کا چمچا
دھنیا: پسا ہوا، ایک چائے کا چمچا
ہلدی: پاؤ چائے کا چمچا
آلوبخارے: چھ سے آٹھ عدد
ٹماٹر: دو عدد، کٹے ہوئے
دہی: آدھی پیالی
کالے مسور: ایک پیالی بھگوئے ہوئے
زردے کا رنگ: حسب ضرورت
بریانی کا ایسنس: چند قطرے
ترکیب:
مسور کو دھو کر تھوڑا سا نمک ڈال کر ابلنے رکھ دیں۔ گل جائیں تو چھان کر رکھ دیں۔
تیل گرم کرکے کٹی ہوئی پیاز سنہری کرکے اس میں گرم مسالا اور میتھی دھوکر ڈال دیں۔ پھر قیمہ اور کٹے ہوئے آلو ڈال کر بھون کر تمام مسالے، ٹماٹر، دہی سب ملا کر ہلکی آنچ پر ڈھک دیں۔ تھوڑی دیر بعد بھون کر حسب ضرورت پانی ڈالیں۔ قیمہ آلو گل جائیں اور تیل اوپر آجائے تو چولہا بند کردیں۔ چاول ابال لیں پھر چھان کر دیگچے میں ایک تہہ چاول پھر قیمہ کا سالن اس پر ابلے مسور پھر بقیہ چاول اس پر زردے کا رنگ اور ایسنس تھوڑا پانی ملا کر ڈال دیں۔ دم پر رکھ دیں۔ کچھ منٹ بعد ڈش میں نکالیں سلاد اور رائتے کے ساتھ پیش کریں۔
ہریالی قیمہ پراٹھا
اجزاء:
قیمہ: آدھا کلو
نمک: ایک چائے کا چمچا
ہری مرچ: باریک کَٹی ہوئی، ایک کھانے کا چمچا
کُٹی ہوئی مرچ: ایک چائے کا چمچا
سوکھا دھنیا: پسا ہوا، ایک چائے کا چمچا
زیرہ: پسا ہوا، آدھا چائے کا چمچا
ہلدی: آدھا چائے کا چمچا
کالی مرچ: آدھا چائے کا چمچا
لیموں کا رس: دو کھانے کے چمچے
چلی سوس: دو کھانے کے چمچے
دہی: دو کھانے کے چمچے
مایونیز: دو کھانے کے چمچے
پیاز: باریک کٹی ہوئی، دو عدد درمیانی
ہرا دھنیا: کٹا ہوا، ایک گڈی
پراٹھوں کے لیے:
میدہ ، نمک، گھی ، پانی ، گھی یا تیل پکانے کے لیے
ترکیب:
تیل گرم کرکے مسالے اور تمام اجزاء ملا کر بھون لیں اور ہلکی آنچ پر ڈھک کر گلنے کے لیے چھوڑ دیں۔ ضرورت ہو تو پانی ڈالیں۔ قیمہ گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو اتار کر ٹھنڈا کرلیں۔ آٹا گوندھ کر روٹیاں بیل کر اس پر قیمہ رکھ کر دوسری روٹی اوپر رکھ کر کنارے چپکادیں۔ درمیانی آنچ پر ہلکا ہلکا گھی لگا کر پراٹھوں کو سینک کر چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
چٹپٹی چیزی بوٹی
اجزاء :
گوشت کی بوٹیاں: آیک کلو
بوٹیوں پر لگانے کا مسالا: حسب ضرورت
لیموں کا رس: دو کھانے کے چمچے
کٹی ہوئی لال مرچ: ایک کھانے کا چمچا
مکھن: دو کھانے کے چمچے
ہاٹ سوس: دو کھانے کے چمچے یا حسب ذائقہ
لال مرچ: پسی ہوئی، ایک چائے کا چمچا یا حسب ذائقہ
لہسن: کَٹا ہوا، ایک کھانے کا چمچا
سویا سوس: ایک کھانے کا چمچا
کالی مرچ: ایک چائے کا چمچا
تیل: دو کھانے کے چمچے
ادرک: پسی ہوئی، ایک کھانے کا چمچا
کچا پپیتا: پسا ہوا، دو کھانے کے چمچے
بوٹیاں پیش کرتے وقت:
پنیر: سو گرام
ہرا دھنیا: کٹا ہوا ،دو کھانے کے چمچے
کیچپ: دو کھانے کے چمچے
ترکیب:
مسالے کے تمام اجزاء ملالیں۔ بوٹیوں میں اچھی طرح سے ملا کر چار چھے گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ تیل گرم کرکے بوٹیاں ڈال کر تھوڑا سا بھون کر دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ ضرورت ہو تو پانی شامل کریں۔ گلنے پر مسالا بُھنا ہوا ہو یعنی پانی نہ ہو۔ دھیمی آنچ پر اس کے اوپر چیز، ایک چٹکی کوٹی ہوئی لال مرچ اور ہرا دھنیا چھڑک دیں۔ ڈھکن ڈھک دیں۔ جیز پگھل جائے۔ اتار کر گرماگرم پیش کریں۔
ران مُسَلّم
اجزاء:
ران: ایک سے ڈیڑھ کلو
دہی: تین پاؤ
ادرک لہسن: پسا ہوا دو کھانے کے چمچا
کچا پپیتا: پسا ہوا، دو سے تین کھانے کے چمچے
نمک: حسب ذائقہ
ہری مرچ: دس بارہ یا حسب ذائقہ
ہرا دھنیا: ایک گڈی
تیل: حسب ضرورت
ترکیب:
ران کو دھو کر اس میں چھری سے کچھ کٹ لگالیں۔ اب ہرا دھنیا ہری مرچ کو پیس کر دہی میں تیل کے علاوہ سب ملاکر پھینٹ لیں۔ پھر ران پر یہ مسالا لگا کر رات بھر یا کچھ گھنٹوں کے لیے فریج میں رکھ دیں.۔ پھر تھوڑا سا تیل گرم کرکے ران ڈال کر دھیمی آنچ پر پکنے رکھ دیں۔ جب گل جائے تو تیل میں تل لیں۔ سنہری ہونے پر نکال لیں۔
The post عید کی دعوت appeared first on ایکسپریس اردو.