Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

گھر بیٹھے کریں اپنی خوبصورتی میں اضافہ

$
0
0

خواتین ہمیشہ سے زیبائش و آرائش کی دلدادہ رہی ہیں۔ اپنے حسن کو نکھارنے اور نوک پلک سنوارنے میں پیش پیش رہتی ہیں اور اس ضمن میں مختلف ٹوٹکے اور نت نئی تراکیب آزماتی رہتی ہیں۔

پارلرز میں ہمیشہ رش ہی ملے گا، کیونکہ کوئی بھی موقع ہو اس پر خواتین بناؤ سنگھار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتیں۔ اور ایسے میں اگر عید کا موقع ہو یا شادی بیاہ تو خواتین اس معاملے کو لے کر مزید سنجیدہ ہوجاتی ہیں۔ کیونکہ ہر عورت یہ چاہتی ہے کہ وہ حسین سے حسین ترین لگے۔ اس سلسلے میں آپ سے کچھ بیوٹی ٹپس شئیر کرنے جا رہے ہیں ۔ جن کو اپنی روٹین میںشامل کر کے آپ بھی گھر بیٹھے اپنی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتی ہیں۔

چہرے کی حفاظت

انسانی جسم میں چہرے کی بہت اہمیت ہے ۔ کسی بھی انسان سے ملنے پر پہلا تاثر چہرے کا ہی جاتا ہے۔چہرہ کھلا کھلا شاداب ہو تو ساری شخصیت کا مثبت تاثر ابھرتا ہے۔ گرمیوں میں پسینہ زیادہ آنے سے جلد کے مسام کھل جاتے ہیں جن میں دھول مٹی اور میل کچیل جمع ہو جاتی ہے جو کئی جلدی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔گرم موسم میں جلد کی حفاظت کیلئے سب سے زیادہ ضروری پانی کا زیادہ استعمال ہے اس کے بعد چہرے کو دھوپ کی شعاعوں سے بچانا اورباہر نکلتے ہوئے چھتری لینا، چہرے، گردن، ہاتھ اور پاؤں وغیرہ پر سن بلاک لگانا اور اپنی غذا میں موسمی پھل اور سبزیاں بھی ضرور شامل کرنا اہم ہے۔ تازہ پھلوں کا جوس انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔

گھر میں موجود چیزوں سے بھی سکن کئیر کی جاسکتی ہے۔آئیے ہم آپ کو کچھ ٹوٹکے بتاتے ہیں جو کہ مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔

چنے کی دال بھگو کر پیس لیں اور اس میں تھوڑا سا دودھ ملا کر یہ لیپ چہرے پر 15 سے 20 منٹ تک لگائیں اور پھر تازہ پانی سے چہرہ دھو کر خشک کر لیں۔یہ عمل روزانہ دہرائیں، خیال رہے روزانہ تازہ لیپ ہی تیار کریں۔

دس بادام، ایک چٹکی ہلدی اور تھوڑے سے چاول پیس لیں، پھر تینوں کو ملا کر دودھ شامل کر دیں۔ گاڑھا سا لیپ بنا کر چہرے پر لگائیں۔

حسب ضرورت شلجم اور گاجریں پانی میں ابال کر ٹھنڈا ہونے پر ہاتھوں سے مسل لیں اور یکجان آمیزہ چہرے، ہاتھوں اور گردن پر آدھے گھنٹے کیلئے لگا کر رکھیں اور پھر روئی کو دودھ میں بھگو کر جلد صاف کر لیں اس عمل سے بھی جلد پر جمی میل اور دھول مٹی صاف ہو جاتی ہے۔

ایک کھیرے کو گرائنڈ کر کے اسی میں ایک کھانے کا چمچ لیموں کا رس چند پتے پودینہ، ایک کھانے کا چمچ شہد، ایک انڈے کی سفیدی اور ایک کھانے کا چمچ عرق گلاب شامل کر کے اچھی طرح ہلائیں اور چہرے پر اس طرح لگائیں کہ آنکھوں والا حصہ محفوظ رہے۔پچیس منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر سادہ پانی سے منہ دھو لیں، ہفتے میں ایک دفعہ یہ عمل ضرور دہرائیں۔

آنکھوں کی حفاظت

آنکھیں قدر ت کا بیش قیمت تحفہ ہیں۔آنکھوں کے بغیر جینا محال ہے۔ آنکھیں اگر بڑی ہوں تو یہ خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں۔ذیل میں ایسے طریقے بیان کیے گئے ہیں جس سے آنکھیں قدرے بڑی نظر آنا شروع ہو جاتی ہیں۔

رات کی نیند آنکھوں کی خوبصورتی کے لئے بے حد ضروری ہے۔رات میں دیر تک جاگنے، نیند کی کمی کی وجہ سے آنکھیں سرخ اور خشک ہو جاتی ہیں اور اس کا تعلق نیند سے ہے۔ آنکھوں کی صحت کے لئے کم سے کم 5 گھنٹے کی نیند ضروری ہے اور اس کے ساتھ ہی جسم کی صحت کے لئے 7 گھنٹے کی نیند ضروری ہے۔  نیند پوری کرنے سے صحت کے ساتھ آنکھوں پر بھی مثبت اثر ہو گا اور آنکھیں بڑی قدرے نمایاں ہو جائیں گی۔

سوجی ہوئی بے جان آنکھیں پانی کی کمی کی وجہ سے ہوتی ہیں اور جسم کو تندرست رکھنے کے لئے جسم کو کم سے کم 8 گلاس پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر 8 گلاس پانی کا استعمال کرنے سے جسم تندرست رہے گا اورچہرہ کھلا ہوا دکھائی دے  گا۔آنکھوں کی سوزش کو ختم کرنے کے لئے 10 منٹ کے لئے آنکھوں کا ماسک استعمال کرنے سے آنکھیں ملائم ہو جاتی ہیں۔ اگر ماسک موجود نہیں تو برف کی ٹکیا سے آنکھوں کا مساج کیا جاسکتا ہے۔

آنکھوں کے ارد گرد انگلیوں سے آرام آرام سے مساج کرنے سے خون کی روانی میں بہتری آتی ہے،ارد گرد داغ دھبے اور جھریوں کا خاتمہ ہو جاتا ہے اس عمل کو اپنی عادت بنا لیں کیونکہ یہ آنکھوں کی صحت کے لئے بہترین اور آسان طریقہ ہے۔

ہونٹوں کی حفاظت

گلابی اور خوبصورت ہونٹ ہر لڑکی کا خواب ہوتے ہیں۔لپ ماسک بیوٹی انڈسٹری کی ایک نئی دریافت ہیں جو مغرب میں وسیع پیمانے پر استعمال ہو رہے ہیں اور اب ہمارے ملک کے کئی نامی گرامی بیوٹی پارلرز اور جدید بیوٹی کلینکس نے بھی انہیں استعمال کرنے کی ابتداء کر دی ہے۔ فیس ماسک سے مماثلت رکھنے  والے ان ماسکسز کو  پورے چہرے کے بجائے صرف ہونٹوں کے اوپر استعمال کیا جاتا ہے۔انہیں ہونٹوں اور منہ کے اطراف میں ماسک کی طرح لگا کر آہستگی سے دبا دیتے ہیں اور ایک مخصوص وقت تک ہونٹوں پر لگا رہنے کے بعد انہیں نرمی و آہستگی سے پیل آف ماسک کی طرح ہونٹوں کے اْوپر سے اْتار لیا جاتا ہے۔

تمام اقسام کے لپ ماسک جلد کی درستگی کرنے‘ہونٹوں کو نمی پہنچانے‘داغ دھبے دور کرنے اور ہونٹوں کو بھرا بھرا اور گداز دکھانے کا وعدہ کرتے ہیں۔

عام طور پر یہ ہائیڈروجیل (Hydrogel) پر مشتمل ہوتے ہیں جس میں دیگر اجزاء کے ساتھ پانی ’’سیرم‘‘ ہے ہائیلورونک ایسڈ (Hyaluronic Acid) گلیسرین اور وٹامن E شامل ہوتے ہیں۔ان میں موجود کولاجن جلد کے اندر آسانی سے سرایت نہیں کر پاتے ہیں۔اگر آپ بازار سے انھیں نہیں خرید سکتے تو ایسی چند چیزیں استعمال کر سکتے ہیں جو ہونٹوں کو خوبصورت بنا سکتے ہیں۔

جیسے پیپر منٹ آئل استعمال کر سکتے ہونٹوں کو مستقل بنیادوں پر نرم و گداز بنانے کے لئے  تو اس کے لئے  ٹماٹر کے پیسٹ میں لیموں کا رس نیچوڑ کر لگا سکتے ہیں۔یہ قدرتی طور پر ہونٹوں کے رنگت کو بہتر بنائے گا۔

پیروں کی حفاظت

چہرے کے ساتھ ساتھ اگر پیروں کی بھی درست انداز میں دیکھ بھال کی جائے تو وہ شخصیت کے حسن کو بڑھا دیتا ہے۔نازک‘حسین اور صاف ستھرے پیر، نرم و ملائم بنانے کے لئے اسکرب کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔خواتین اپنی مصروفیات کے باعث پیڈی کیور کے لئے بیوٹی پارلر کا رخ نہیں کر پاتیں ایسے میں چند آسان اسکرب گھر میں تیار کئے جاسکتے ہیں۔اور اخراجات بھی نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔

کٹی پھٹی ایڑیوں سے نجات کیلئے ایک برتن میں نیم گرم پانی بھر کر اس میںبوتل کے تین ڈھکنے لسٹرین ڈالیں۔اپنے پاؤں اس پانی میں 25 منٹ کیلئے ڈبو دیں۔یہ جلد کے اوپر جمے مردہ خلیات کو صاف کر کے جلد کو خوشنما بنا دے گا۔

ٹی ٹری تیل اور پودینہ۔بطور ایکسفولیٹر بہترین نسخہ ہے۔مٹھی بھر سمندری نمک برتن میں ڈال کر دو کھانے کے چمچے زیتون کا تیل اور چند قطرے ٹی ٹری تیل اور پودینے کے تیل کے ڈال دیں اور اس اسکرب سے پیروں پر مساج کریں پھٹی ایڑیوں میں نمک سے جلن ہو گی مگر گھبرائیے نہیں یہ اسکرب جراثیم کو بھی صاف کر دے گا۔

پاؤں بھگونے کے لئے بیکنگ سوڈا اور نمک کو ایک نیم گرم پانی کے برتن میں ڈال کر اس میں پاؤں بھگو لیں۔اسکرب بنانے کے لئے مٹھی بھر نمک میں تین کھانے کے چمچے بیکنگ سوڈا اور ذرا سا زیتون کا تیل ملا کر مرکب بنا لیں۔دونوں پیروں پر یہ اسکرب لگا کر ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں 20 منٹ کے بعد سادے پانی سے پیر دھو کر صاف کر لیں۔

پلاسٹک کے چھوٹے ٹب میں نیم گرم پانی ڈال کرایک کپ شہد‘ایک کپ ایسم نمک اور کافور کے تیل کے چار قطرے ہاتھوں سے ملا لیں اور پانی میں ڈال دیں 20 منٹ کے لئے پیر اس میں بھگو دیں۔پاؤں تولیے سے خشک کر کے لوشن لگا لیں ۔آپ چاہیں تو صرف ایسم نمک اور کافور کے تیل سے اسکرب تیار کر سکتی ہیں۔

پیروں کو دلکش اور خوبصورت بنانے کے لئے نصف کپ انناس کو بلینڈر میں ڈال کر 5 سیکنڈ کے لئے بلینڈ کر لیں خیال رکھیں بس چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہوں انناس کو کپ میں نکال کر اس میں کھانے کا ایک چمچہ دہی اور آدھا کپ شکر ڈال کر ملا لیں۔

اس اسکرب کو پیروں پر لگا لیں۔سوکھ جائے تو اْتار کر پیر دھو لیں۔

اسکرب کے لئے ناریل کا تیل لیں۔نصف کپ نمک میں تین کھانے کے چمچے ناریل کا تیل اور چند قطرے خوشبودار تیل کے ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں یہ اسکرب پیروں پر اچھی طرح مل لیں۔خشک ہو جائے تو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔

کٹی پھٹی ایڑیوں والے پاؤں سے شخصیت کا ایک منفی تاثر ابھرتا ہے ۔ اس کے لئے تین اسٹرابیریز لے کر انہیں کانٹے سے کچل دیں اس میں نصف کپ شکر اور ایک کھانے کا چمچہ زیتون کا تیل مکس کریں اور پیروں پر اس مرکب کا مساج کریں۔تین منٹ کے مساج کے بعد اسے خشک کر لیں نیم گرم پانی سے پیر دھو لیں۔یہ اسکرب جلد کی رنگت بھی بہتر بناتا ہے اور اسے چہرے پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تھکے پیروں کے لئے بہترین ہے۔ایک کپ سفید سرکے کو نیم گرم پانی کے نصف بھرے ٹب میں ڈال کر پاؤں اس میں بھگو لیں۔بعد ازاں کسی اچھے سے تیل سے پیروں کی مالش کریں۔پیروں کی تھکن‘بدبو وغیرہ دور ہو جائے گی۔

The post گھر بیٹھے کریں اپنی خوبصورتی میں اضافہ appeared first on ایکسپریس اردو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>