راشن کے پیکٹ بنانا
ناصرہ ارشد، کراچی
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی سہیلی کے گھر گئی ہوں اور وہاں اس کی فیملی دادی پھپھو وغیرہ سب بہت سے پیکٹ بنا کے رکھ رہی ہیں کہ ہم اپنے علاقے کے نادار لوگوں کو راشن بانٹنے والے ہیں ۔ مجھے یہ سب دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے اور میں جب اپنے گھر آتی ہوں تو اپنی والدہ سے بھی یہی بات کرتی ہوں کہ ہم بھی ایسے ہی کیا کریں ۔ اس کے بعد کوئی اجنبی جگہ ہے مگر ہم سب بھی گاڑی سے ڈبے نکال کر مختلف لوگوں کو دے رہے ہیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے تنگ دستی غم اور پریشانی سے نجات ملے گی، اللہ تعالی کی مہربانی سے قرض کی ادائیگی کی کوئی بہتر سبیل بن جائے گی ۔ اور اس کے علاوہ اگر گھر میں کوئی بیمار ہے تو اس کو شفاء ملے گی۔ آپ سب نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
تصاویر دکھانا
عنایت حسین، سیالکوٹ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر میں موجود ہوں اور شائد کوئی دعوت چل رہی ہے جس میں میری بیوی گھر کی تصاویر کا البم کسی کو دکھا رہی ہے میں بھی خوشی خوشی آگے بڑھتا ہوں مگر یہ دیکھ کر مجھے بہت حیرانگی و خوف محسوس ہوتا ہے کہ میری شکل سب تصاویر میں بہت ہی خوفناک سی لگ رہی ہے۔ خود میں نہیں پہچان پاتا کہ یہ میں ہوں۔ یہ دیکھ کر میں بہت پریشان ہوتا ہوں اور جلدی سے اپنے کمرے میں جا کر شیشہ دیکھتا ہوں ۔ وہاں تو میری شکل نارمل لگ رہی ہوتی ہے مگر تصویروں میں تو دیکھ کر میں خود بہت پریشان ہو جاتا ہوں ۔
تعبیر : خواب ظا ہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم سے واسطہ پڑ سکتا ہے ۔کاروباری معاملات میں بھی کسی رکاوٹ یا پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر جمعرات حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں۔ اس کے علاوہ اپنے گھر میں پرندوں کو دانہ ڈالنے کا بھی اہتمام کریں ۔
سامان خریدنے پر جھگڑا
راحیلہ بیگم، فیصل آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی جگہ کھڑی کوئی سامان خرید رہی ہوں۔ اچانک کہیں سے ایک بھینسا دوڑتا ہوا آتا ہے اور اسی دوکان کی طرف لپکتا ہے جہاں میں کھڑی ہوتی ہوں ۔ اپنے میاں کا بازو پکڑ کے میں تیزی سے ایک طرف ہیونے کی کوشش کرتی ہوں مگر وہ بہت غصے میں ہاتھ چھڑا لیتے ہیں اور مجھ پہ خفا ہونے لگتے ہیں کہ میری ضد کی وجہ سے ان کو اس طرف آنا پڑا جبکہ وہ نہیں آنا چاہتے تھے۔ اسی بحث میں نجانے وہ بھینسا کدھر چلا جاتا ہے مگر ہم ادھر ہی کھڑے جھگڑتے رہتے ہیں اور پھر بنا کچھ لئے گھر آ جاتے ہیں ۔
تعبیر : خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی ناگہانی آفت یا پریشانی سے دوچار ہونا پڑ سکتا ہے۔ خاص طور پہ گھریلو معاملات میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے ۔گھریلو معاملات کو کبھی حد سے بڑھنے نہ دیں خاص طور پہ اپنے میاں کے ساتھ غیر ضروری بحث سے گریز کریں۔ بلکہ ان کو جو بھی کھانے یا پینے کو دیں اس پہ ایک مرتبہ یا ودود اور ایک مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھ کے پھونک مار دیا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں ۔
نیا گھر خریدنا
نرما یونس، لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ ہم نے نیا گھر خریدا ہے اور ہم سب رشتے داروں کو دکھانے کے لئے لے کر آتے ہیں ۔ میں سارا گھوم کر دیکھتی ہوں اور اس کی کشادگی اور وسعت دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں پھر میری امی کہتی ہیں کہ یہ گھر کتنا ہوا دار ہے۔ اس پہ سب تعریف کرتے ہیں کہ واقعی بنانے والے نے جزئیات کا بہت خیال رکھا ہے ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو کہ خوشی پہ دلیل کرتا ہے ۔ اس کا تعلق تعلیمی معاملات اور گھریلو دونوں سے ہو سکتا ہے۔ شادی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ جلد ہو جائے گی اور ازدواجی معاملات میں اللہ تعالی آسانی فرمائیں گے۔ اگر شادی شدہ ہیں تو اپنے گھر میں شاد و آباد رہیں گی ۔گھر میں آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کی مہربانی سے عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
بزرگوں سے ملاقات
نثار احمد، ملتان
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی بہت پیارے باغ میں ہوں جو بہت ھرا بھرا اور سبزے سے اٹا ہوا ہے۔ وہاں میں ایک سفید بستر بچھاتا ہوں جیسے کسی نے آنا ہو ۔ اس کے بعد دیکھتا ہوں کہ کچھ بزرگ سبز چوغوں میں ادھر بیٹھے تلاوت کر رہے ہیں۔ میں ان کے پاس ادب سے کھڑا ہوتا ہوں ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات پہ دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالی اپنے فضل و کرم سے آپ کو مال و دولت عطا کریں گے ۔ مال و وسائل میں اضافے سے رزق میں بھی برکت ہو گی اور اس سے زندگی میں آسانی پیدا ہو گی۔ مال و وسائل میں برکت ہونے سے آرام و سکون ملے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں۔
پانی میں پائوں ڈال کر بیٹھنا
محمد رمضان، جلال پور بھٹیاں
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے فارم پہ ہوں اور مچھلیاں نکالتے ہوئے اپنے ملازمین کو دیکھ رہا ہوں، ساتھ ہی ساتھ دل میں حساب لگا رہا ہوں کہ خاندان میں کس کس کو تحفتاً یہ مچھلی بھجوانی ہے۔ نجانے میرے دل میں کیا سماتی ہے کہ میں پانی میں ہاتھ اور پاوں ڈال کر بیٹھ جاتا ہوں کچھ ہی دیر میں شائد کوئی بڑے سائز کی مچھلی مجھے کاٹتی ہے جس سے میں ایک دم بہت ڈر جاتا ہوں اور چیخنا شروع کر دیتا ہوں ۔ مجھے کافی شدید چوٹ لگتی ہے اور پریشانی میں خود کو دیکھ ہی رہا ہوتا ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر : آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اب اس کا تعلق گھریلو، تعلیمی یا کاروباری دنیا سے بھی ہو سکتا ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ چلتے پھرتے وضو بے وضو یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ ساتھ ہر نماز کے بعد استغفار کی تسبیح کیا کریں، ممکن ہو سکے تو روزانہ حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں یا مالی حالات اس کی اجازت نہیں دیتے تو چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا اہتمام کریں۔
سیب کی ٹوکری
رانا پرویز ، راولپنڈی
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کچن میں آتا ہوں کہ امی سے کچھ کھانے کو کہہ سکوں، وہاں امی تو نہیں ہوتیں البتہ میز پہ ایک ٹوکری میں بہت تازہ خوشنما رسیلے سیب نظر آتے ہیں ، پہلے تو میں سوچتا ہوں کہ جانے کسی نے بھیجے ہیں ۔ امی نے کسی کے گھر لے جانے کے لئے منگائے ہیں ۔ مگر ان کی خوشبو اور تازگی دیکھ کر مجھ سے رہا نہیں جاتا اور میں نہ چاہتے ہوئے بھی ان میں سے کچھ سیب نکال لیتا ہوں اور کھا کر ان کے ذائقے اور لذت سے خوب مزہ لیتا ہوں۔ وہ بے حد شیریں اور لذیذ تھے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو کہ کاروباری یا نوکری کے معاملات میں ترقی پہ دلیل کرتا ہے۔ اللہ کی مہربانی سے مزید آسانی حاصل ہو گی۔ آپ لازمی نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور ممکن ہو سکے تو گھر میں پرندوں کو دانہ ڈالنے کا اہتمام کریں۔
نسوار تھوکنا
سکندر خان، سوات
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ مارکیٹ میںکچھ کھا پی رہا ہوں۔ اسی دوران ایک پٹھان چیزیں بیچنے آتا ہے تو میرے دوست مذاق میں مجھے نسوار خرید کر دیتے ہیں۔ میں بھی مذاق میں اسے کھا لیتا ہوں مگر اس کا ذائقہ مجھے اس قدر برا لگتا ہے کہ میں فوراً تھوک دیتا ہوں۔
تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے۔گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان ہو سکتا ہے۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ یاحی یاقیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔
عمرے پر جانا
وقاص علی، ٹوبہ ٹیک سنگھ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اور سب گھر والے مدینہ شریف میں ہیں اور بہت خوش ہیں کہ اللہ نے ہم کو اس قابل سمجھا اور ہمیں یہاں آنے کا موقع دیا ۔ برائے مہربانی مجھے اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی۔ گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔
بدمزہ کھانا
نبیلہ سندھو، سرگودھا
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے گھر والے سب کہیں گئے ہوئے ہیں اور میں اپنی دوست کے ساتھ پیپر کی تیاری کر رہی ہوں۔ بھوک لگنے پہ ہم کچھ کھانے کے لئے کچن میں آتے ہیں اور کھاتے ہیں مگر کھانا اس قدر کڑوا ہوتا ہے کہ ہم ایک لقمے کے بعد کچھ بھی مزید نہیں لے پاتے اور دونوں ہی تھوک دیتے ہیں۔
تعبیر: اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں۔
دولت کا لالچ
مہوش خان، کراچی
خواب : یہ خواب میرے بھائی نے دیکھا ہے اور وہ دیکھتے ہیں کہ ان کے پاس کوئی چابی ہے جس کو وہ مختلف لوگوں کے گھر لگا لگا کر دیکھ رہے ہیں کہ کسی کے گھر سے پیسے مل جائیں۔ خواب میں بھی وہ خود کو پیسوں کی تلاش میں مارا مارا پھرتا دیکھ رہے ہیں۔ مگر ان کا لالچ ختم نہیں ہو رہا ۔
تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری کو ذھن سے نکال کر اللہ کی طرف دھیان لگائیں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔
پریشان ہونا
اعجاز احمد، حیدر آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں آفس کے کام کے سلسلے میں کراچی آیا ہوا ہوں اور بنک کی چھٹی ہونے کی وجہ سے کلائنٹ سے پیسے خود ہی لے کر واپس پنڈی آ گیا ہوں، پھر نہ جانے وہ پیسے کدھر گئے ۔ میں سارا گھر تلاش کر رہا ہوں، ساتھ میں سب فیملی بھی ہے مگر کسی کو بھی نہیں مل رہے۔ پریشانی اتنی ہے کہ جب میری آنکھ کھلی تب بھی میرا دل بہت پریشان تھا ۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں
ساس کے ساتھ چہل قدمی
عتیقہ ریاض، سرگودھا
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی ساس کے ساتھ کہیں چہل قدمی کر رہی ہوں اور وہاں اچانک ہم کو سانپ نظر آتا ہے۔ ہم دونوں یہ دیکھ کر بہت ڈر جاتے ہیں اور تیزی سے واپس بھاگتے ہیں، وہ بھی اسی تیزی سے ہمارے پیچھے آتا ہے۔ میری ساس جانے کدھر غائب ہو جاتی ہیں اور میں اپنی جان بچانے کے لئے خوفزدہ حالت میں تیزی سے بھاگتی چلی جا رہی ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
دعوت میں شرکت
زیب النساء، اسلام آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں دعوت پہ آئی ہوئی ہوں اور ان چہروں میں سے کسی کو بھی نہیں جانتی مگر بہت مطمئن انداز میں ایسے گھوم رہی ہوں جیسے میرے گھر کی دعوت ہے۔گھر کچھ کچھ میری نانی کے پرانے گھر سے ملتا ہے۔ مگر کافی بڑا ہوتا ہے ۔ میں دیکھتی ہوں کہ ادھر بہت انواع و اقسام کے کھانے سجے ہوئے ہیں اور بیرے انتہائی خوشبودار کھانے لئے ادھر ادھر پھر رہے ہیں اور لوگوں کی پلیٹوں میں ان کی پسند کا کھانا ڈال رہے ہوتے ہیں ۔ میں بھی کچھ کھیر نما چیز ڈالتی ہوں جو کہ انتہائی لذیذ ہوتی ہے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔
تعبیر : بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاھر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی و فضل سے جلد ہی کوئی خوشخبری ملے گی اور حلال طریقے سے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ مالی طور پہ مستحکم ہوں گی۔ چاھے کاروباری وسائل ہوں یا نوکری میں آسانی ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو حسب استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں ۔
کاروبار کے سلسلے میں ملاقات
احمد علی، لاہور
خواب : یہ خواب میرے ابو نے دیکھا کہ وہ اپنے کاروبار کے سلسلے میں کسی دوست سے ملنے کسی گاوں نما علاقے میں جاتے ہیں اور وہاں ساتھ ہی جنگل ہے جس کی سیر کو ان کے کاروباری دوست لے جاتے ہیں وہاں ان کو ایک بہت بڑے سائز کا کالا سیاہ ہاتھی نظر آتا ہے اور وہ سب لوگوں کو چھوڑ کے میرے ابو کی طرف ہی بڑھتا ہے جیسے حملہ کرنے کی نیت سے آ رہا ہو ۔ اس کے بعد میرے ابو کو خواب یاد نہیں، مگر وہ کہہ رہے تھے کہ آنکھ کھلنے کے بعد بھی وہ بہت دیر تک خوفزدہ رہے۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا کسی کے دھوکے یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے مگر اللہ کی مہربانی سے آپ اس پریشانی سے چھٹکارہ پا لیں گے۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.