Quantcast
Channel: Pakistani Magazine -- Urdu Magazine - میگزین - ایکسپریس اردو
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

خوابوں کی تعبیر

$
0
0

بچوں میں کھانا کی اشیاء بانٹنا

رحیمہ بی بی، سکھر

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی گلی میں کھڑی بچوں میں مٹھائی تقسیم کر رہی ہوں اور کافی خوشی محسوس کر رہی ہوں۔ ایک غریب سی عورت میرے پاس آتی ہے اور مجھ سے اپنے بچے کے لئے بھی مٹھائی مانگتی ہے۔

میں اس کو ایک لفافے میں کافی ساری ڈال کے دے دیتی ہوں اور وہ چلی جاتی ہے۔ پھر میں اگلے منظر میں دیکھتی ہوں کہ میں اپنی ھمسائی کے بچوں کو ان کے گھر میں مٹھائی دے رہی ہوں، مجھے اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔

اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

 مسجد میں اجتماع

اشرف علی، نارووال

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہماری مسجد میں اجتماع ہے اور ادھر بہت سے لوگ محفل میں شامل ہیں ۔ میں بھی اپنے بھائی کے ساتھ ادھر بیٹھا ہوں ۔

وہاں موجود کچھ بزرگوں میں ایک بہت نورانی بزرگ ہوتے ہیں ۔ میرا بھائی ان کی طرف اشارہ کر کے مجھے کہتا ہے کہ آؤ ان سے ملاقات کریں ۔ میں اس کے کان میں کہتا ہوں کہ ابھی مناسب نہیں ۔ مگر وہ مسلسل مجھے ان کی طرف اشارہ کر کے جانے کا کہتا رہتا ہے ۔

محفل کے برخاست ہونے کے بعد ہم ان سے ملنے جاتے ہیں تو مجھ سے ہاتھ ملانے کی بجائے غصے سے کہیں اور دیکھنے لگ جاتے ہیں ۔ میں ان کو اپنی طرف متوجہ کر کے کچھ کہنے کی کوشش کرتا ہوں تو وہ اٹھ کے چلے جاتے ہیں۔ اس پہ سب لوگ ہمیں افسوس بھری نظروں سے دیکھنے لگتے ہیں۔ میں بہت پریشان ہوتا ہوں، نہ ہی مجھے کچھ سمجھ آتی ہے کہ آخر ہوا کیا ہے ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیریقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

تیتر غائب ہوگئے

شہزادی ، بہاولپور

خواب: یہ خواب میری باجی نے دیکھا کہ میری دادی نے ہمارے لئے گاوں سے تیتر بھیجے ہیں جو میرے بھائی نے چھت پہ رکھے ہوتے ہیں ۔ وہ سب کے سب کہیں غائب ہو گئے ہیں اور ہم سب مل کے تلاش کر رہے ہیں ۔ بھائی رونا شروع کر دیتا ہے۔ آس پاس سب جگہ دیکھتے ہیں مگر وہ کہیں نہیں ملتے ۔ پھر پیچھے والی گلی میں وہ کیچڑ میں لتھڑے ہوئے ملتے ہیں جو بالکل ادھ موئے ہو چکے ہوتے ہیں۔بھائی یہ دیکھ کر دھاڑیں مار مار کے رونا شروع کر دیتا ہے۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری سے ذھن نکال کر اللہ کی طرف دھیان لگائیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

خراب کھانا

نزہت ، خانیوال

خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی جگہ بیٹھی کچھ کھا رہی ہوں مگر میرے کھانے کے اندر سے بہت بدبو آ رہی ہوتی ہے ۔ میں خود ہی کراہت کے مارے اس کو پرے کر دیتی ہوں ۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔ کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے ۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

چچا زاد بہن پیکٹ دیتی ہے

صغریٰ رمضان، کراچی

خواب: میں نے دیکھا کہ ہم اپنی دادی کے گھر رہنے آئے ہوئے ہیں ۔ ہم سب کزنز ان کی چھت پہ بیٹھی باتیں کر رہی ہوتی ہیں کہ میری چچا زاد بہن ایک پیکٹ مجھے دیتی ہے۔

میں اس کو تحفہ سمجھ کر پکڑ لیتی ہوں اور اس کو کھولتی ہوں تو اس میں ایک چھوٹا سا بچھو ہوتا ہے پھر ایک اور نکلتا ہے۔ میں ڈر کے اس کو پھینک دیتی ہوں ۔ پہلے میری کزنز اس کو نقلی سمجھ کے مجھ پہ ھنستی ہیں مگر جب اس کو چلتا دیکھتی ہیں تو ان کو احساس ہوتا ہے کہ یہ اصلی ہیں تو سب ڈر کے چلانے لگتی ہیں۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے۔ جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

 درخت لگانا

ماھم شکور، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کالج کے گروپ کے ساتھ کہیں دور دراز کے علاقے میں درخت لگا رہی ہوں ۔ میں دیکھتی ہوں کہ وہ جگہ بہت ھری بھری ہو گئی ہے ۔

ہر طرف سبزہ اور لہلہاتے درخت ہیں ۔ سب لوگ بہت خوش ہوتے ہیں اور میں بھی یہ سب دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں ۔ میری امی بھی ادھر ہوتی ہیں اور وہ اس بات سے بہت خوش ہوتی ہیں اور خود بھی درخت لگانا چاہتی ہیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے کسی خوشخبری کے ملنے پہ دلیل کرتا ہے ۔ کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی بھی امید ہے۔آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ خواب اچھا ہے اس میں بالکل بھی گھبرانے والی کوئی بات نہیں ہے ۔

شادی سے واپسی

مہوش علی، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ ہم کسی شادی سے واپس آ رہے ہیں اور راستے میں شاید کچھ لوگ ہیں جو ہم کو روک کر سارا سامان لے لیتے ہیں ۔ میں بہت زیادہ ڈر جاتی ہوں اور اپنے میاں کو کہتی ہوں کہ سارا کچھ دے دیں تا کہ وہ ہم کو کچھ نہ کہیں بچوں کے رونے سے میں اور زیادہ گھبرا جاتی ہوں ۔

تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ کاروبار اور نوکری میں مالی پریشانی کا بھی سامنا ہو سکتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد استغفار کثرت سے پڑھا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات کریں ۔ چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا بھی اہتمام کیا کریں ۔

 قرآن کی آیات لکھنا

صائم شکور، لاہور

خواب : میری چھوٹی بہن نے خواب میں دیکھا کہ ہم اپنی نانی کے گھر گرمیوں کی چھٹیوں میں آئے ہوئے ہیں ۔ یہاں میری نانی کے رشتے داروں کے ہاں ہماری دعوت ہوتی ہے جس میں مجھے بہت خوبصورت قلم ملتا ہے جس سے میں قرآن پاک کی آیات کو لکھتا ہوں ۔

سب لوگ یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں اور میں خود بھی حیران ہو رہا ہوتا ہوں کہ اتنی خوبصورتی سے میں نے کیسے لکھ لیا ۔ یہاں پہ موجود لوگ مجھ سے اصرار کرتے ہیں کہ میں ان کو بھی کچھ لکھ کر دوں ۔ اور میں خوشی خوشی ان سب کے لئے فرمائشیں نوٹ کرنے لگ جاتا ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی ۔ علم و حکمت ملے گی ۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں ۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

کھیتوں کو پانی لگانا

ماجدہ بانو، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ ہم نے کھیتوں میں پانی لگایا ہوا ہے اور باقی آس پاس کے لوگوں کو بھی پانی لگانے دے رہے ہیں ۔ پھر ہم ایک کنواں دیکھتے ہیں جو کہ ہمارے ہی گھر میں ہے مگر وہاں بہت سے لوگ ہیں جو کھڑے ہیں اور خوب پانی بھر بھر کر لے جا رہے ہیں ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی رحمت سے آپ کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو گا ۔ نیک نامی میں اضافہ ہو گا جو کاروبار یا نوکری یا پھر گھریلو سطح پہ بھی ہو سکتی ہے ۔ آپ صلہ رحمی سے کام لیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

مزار پر تسبیح کرنا

ارشد علی، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ مجھے کسی مزار پہ ایک بزرگ تسبیح دیتے ہیں مگر یہ نہیں یاد کہ وہ کونسا مزار ہے بس اس کا سبز رنگ کا گنبد مجھے یاد ہے ۔ میں ادھر بیٹھا پھر اسی تسبیح پہ کچھ پڑھتا رھتا ہوں اور آس پاس لوگوں کو دیکھتا رہتا ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

روزہ کھولنا

سعد جمیل، اسلام آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ایک بہت روشن کمرہ ہے جہاں بہت زیادہ لائٹیں جل رہی ہیں ۔ میں وہاں بہت سے لوگوں کے ساتھ موجود ہوں اور ہمارے سامنے آب زم زم اور کھجوریں موجود ہیں ۔ ساتھ پیالیوں میں دودھ بھی ہے ۔

اذان کے انتظار میں سب بیٹھے ہیں اور میں بھی دو زانو ہو کر دعائیں کر رہا ہوں پھر روزہ کھلتے ہی دودھ پیتا ہوں جو کہ بہت ہی خوشبودار ہوتا ہے اور بے حد میٹھا بھی ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی زندگی میں کوئی خوشخبری آنے والی ہے ۔ رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

دعا مانگنا

شاھد بشیر،لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں شاید مسجد میں ہوں یا کوئی اور جگہ ہے ، مجھے اندازہ نہیں مگر میں سجدے میں گر کر دعا مانگ رہا ہوں، کافی گڑگڑا کر روتے ہوئے جانے کس مقصد کے لئے دعا کر رہا ہوں ۔

یہ اب یاد نہیں مگر یہ اچھی طرح یاد ہے کہ میں بہت دیر تک دعا مانگتا رہا پھر اٹھ کر تلاوت قرآن کرنے لگ گیا جس سے دل کو بہت سکون ملا اور میرا دل ہلکا ہو گیا ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ کاروبار میں وسعت اور برکت ہو گی ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

کیچڑ میں دھنسنا

احمد رضا، لاھور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر کی طرف جا رہا ہوں اور شاید بارش کے بعد زمین بہت زیادہ کیچڑ و دلدلی ہو چکی ہے ۔

میرے پاوں اس کیچڑ نما چیز میں دھنستے ہی چلے جاتے ہیں ۔ میں بہت زور لگاتا ہوں کہ پاوں باہر نکال سکوں مگر وہ الٹا اور اندر چلے جاتے ہیں ۔ مجھ سے خود کو گھسیٹا بھی نہیں جاتا ، اسی طرح کھڑا زور لگاتا ہوں ، وہاں سے نکلنے کی کوشش کرتا رہتا ہوں جو کہ ناکام ہی رہتی ہے ۔

تعبیر : یہ خواب اللہ نہ کرے پریشانی کو ظاہر کرتا ہے ۔ کاروباری معاملات میں قناعت اور ایمانداری کا مظاھرہ کریں ۔ سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں ۔ ہو سکے تو حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کریں ۔

خالی پلیٹیں

شمائلہ اللہ دتہ ، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں خالی پلیٹیں لے کر بیٹھی ہوں اور اپنی طرف سے کھانا کھا رہی ہوں ۔ تمام برتن بالکل صاف ہیں اور ان میں کوئی بھی کھانا نہیں ہے ۔

تعبیر: یہ خواب مالی معاملات میں پریشانی کو ظاہر کرتا ہے ۔ غیر ضروری اخراجات یا اصراف اس کا سبب ہو سکتا ہے ۔ کاروبار میں بھی رقم بلاک ہونے کا احتمال ہے ۔ اس سے اللہ نہ کرے کہ قرض تک کی نوبت آ سکتی ہے ۔ آپ حلال روزی کا اہتمام کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ صدقہ خیرات بھی حسب توفیق کرتے رہا کریں ۔

کھانا زمین پر گرانا

اویس خان، لاھور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوست کے ساتھ شائد اس کے کسی رشتے دار کے گھر ہوں جہاں کسی دعوت کی تیاری ہو رہی ہے ۔

میں دیکھتا ہوں کہ میں وہاں برتنوں میں لگا سارا کھانا زمین پہ پھینک رہا ہوں اور پھر اس کے بعد دیگچی میں موجود سالن بھی گرا دیتا ہوں ۔ پھر خود کو ہی روتے ہوئے دیکھتا ہوں کہ میں نے کیوں اتنا نقصان کر دیا اب کس طرح اس کا ازالہ ہو گا ۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی یا غم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری آ جائے جس کی وجہ سے آپ پریشان ہو سکتے ہیں ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ محفل مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔

آندھی چلنا

ریاض احمد ، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہمارے پورے علاقے میں آندھی سی ہے جو مٹی کو اتنا اڑا رہی ہے کہ وہ باقاعدہ بگولوں کی صورت میں اڑتی گھروں کے اندر تک آ رہی ہے ۔

میں اپنے ساتھ والوں سے پوچھتا ہوں کہ کیسے اتنی مٹی آئی مگر وہ بھی نہیں جانتے اور مجھے لے کر بہت مشکل سے اندازے سے چوک تک جانے کی کوشش کرتے ہیں کہ تمام معاملے کا پتہ چل سکے مگر اتنی مٹی و آندھی ہے کہ ہم بمشکل چند قدم ہی آ گے بڑھ پاتے ہیں ۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا جس سے آپ کو تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حفیظ یااللہ کا ورد کیا کریں ۔

کوشش کریں کہ کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ صبح بعد از فجر اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101 مرتبہ نصر من اللہ و فتح قریب پڑھ کر اللہ تعالی سے دعا کریں کہ آپ کو دشمن کے شر سے مخفوظ رکھیں ۔

The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4420

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>