برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل
چاند راہو سے دوسرے گھر میں قران کرے گا۔ اپنے کھانے پینے کا خیال رکھیں، بازاری اور باسی کھانوں سے پرہیز کریں۔ سفر احتیاط سے کریں، پڑوسیوں سے تعلق میں بگاڑ کا اندیشہ موجود ہے، پُرسکون رہنے کی کوشش کریں۔ اس ہفتے کے آخر میں گھر کی تزئین و آرائش کی طرف توجہ ہوسکتی ہے۔ گھر تبدیل بھی ہوسکتا ہے اور سواری کا حصول بھی ممکن ہے۔
برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
مکان کا مالک طالع کے مالک کے ساتھ ہے۔ مکان تبدیل ہوسکتا ہے یا اس کے کسی حصے کا کام کروانا پڑسکتا ہے۔ وراثتی فائدہ ہوسکتا ہے اور اس کا تعلق مکان ہی سے ہوگا یا سواری سے۔ ایسی صورت میں معدے سے متعلق صحت کا بھی خیال رکھیں۔ اگر وراثتی معاملہ اٹک گیا تو اگلے چھے ماہ انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
ہفتے کے ابتدائی تین ایام کہیں رقم لگانے کے لیے بہتر وقت ہے، لیکن پھر بھی محتاط رہیں جب کہ آخری دو ایام میں مالی فائدہ ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔ اگلے ہی کچھ ایام میں آپ کے حلقۂ احباب میں ایک شان دار اضافہ ہوسکتا ہے۔ زمین جائداد کے کاغذی مسائل میں دیر سویر ہوسکتی ہے۔ ایسی صورت میں جادو اور تعویذ کا گمان ہوسکتا ہے۔
برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
وہ پیسہ جو آپ نے کاروبار میں لگایا تھا اس کے اچھے نتائج آنے میں کچھ وقت لگے گا۔ جلدبازی سے کام نہ لیں۔ آپ کے دوست احباب مارکیٹنگ میں معاون ثابت ہوںگے اور ممکن ہے کوئی دوست شراکت کی ہامی بھر لے۔ مشتری آپ کے بزنس اور آمدن کو بہتر کرنے کے لیے آرہا ہے۔ بس کچھ ہی دنوں کی بات ہے۔
برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
آپ کا ستارہ شمس اولاد کے خانے میں ہے جب کہ اولاد کا سیارہ اچھی حالت میں نہیں ہے ۔ بچوں کے حوالے سے کوئی الجھن تنگ کرسکتی ہے۔ بچوں کی صحت خصوصاً معدے اور سینے سے متعلق امراض کا خیال رکھیں۔ اس میں موسم کی تبدیلی کا بھی ہاتھ ہوسکتا ہے۔ حاملہ خواتین کو اپنا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔
برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا سیارہ عطارد مکان یعنی چوتھے خانے سے نکل رہا ہے اور اولاد کے خانے میں جارہا ہے جب کہ اولاد کا سیارہ وہ کم زور ہے وہ تعاون نہیں کررہا ہے۔ بچوں کے کچھ مسائل اور ان کی طرف آپکی امیدیں کچھ زیادہ پھل دار نہیں ہوں گی۔ وسطِ ہفتے میں مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ ابتدائے ہفتہ بھی امکان ہے۔
برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
چھوٹے بہن بھائیوں کے ساتھ جاری اختلاف میں شدت آسکتی ہے، لیکن یہی شدت اس کے منطقی انجام کی طرف بھی لے جائے گی، یعنی مسئلے کا حل بھی نکل آئے گا۔ مالی مسائل رہ سکتے ہیں، اخراجات کے جن کو بوتل میں بند کرنا پڑے گا، ورنہ کچھ تعلق بگڑ سکتے ہیں۔ بچوں سے متعلق مسائل حل ہوجائیں گے اور ایک طرح کا اطمینان حاصل ہوگا۔
برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
بیرون ملک سے فائدہ، لاٹری، پرائزبانڈ، انعام اور اسی نوع کے دیگر غیرمتوقع مالی امور میں راستہ کھولنے والے امکانات روشن نظر آتے ہیں، لیکن لگتا ہے جیسے ہی یہ فائدہ ہوگا خرچ بھی ہوسکتا ہے۔ بزرگوں کی صحت اچانک متاثر ہوسکتی ہے۔ تعلقات میں بہتری ہوگی۔ اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ اچانک کوئی خاندانی مرض سر اٹھا سکتا ہے۔
برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
یقینی طور پر آپ کے مالی مسائل میں کمی آئی ہوگی۔ ایک دیرینہ معاون/دوست جو کہ صنفِ مخالف سے بھی ہوسکتا ہے بلکہ صنفِ نازک اس کے مشورے اور مسلسل اکسانے پر آپ میدانِ عمل میں اترنے کا حوصلہ کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ وہ بڑی بہن بھی ہوسکتی ہے۔ آپ کے بزنس اور کام میں وسعت پیدا ہوتی ہوئی نظر آتی ہے۔
برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
مریخ چھٹے خانے میں الٹا ہے اور اس ہفتے چاند اس سے ملے گا۔ مریخ آپ کے بھائی بہن، والدہ اور آپ کی صحت کا نمائندہ ہے۔ یہاں کچھ خرابی کا اندیشہ ہے۔ گھر یا بزنس سے منسلک کوئی نقصان ہوسکتا ہے، محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ قریبی لوگوں سے اختلاف اتفاق میں بدل سکتا ہے، کیوںکہ ایک عرصے سے جاری الجھن سلجھنے والی ہے۔
برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
یہاں اس ہفتے اس کا امکان موجود ہے کہ بیرون ملک یا آپ کی رہائش گاہ سے دور کہیں کوئی رشتہ طے ہوسکتا ہے۔ اس میں کسی بزرگ کا ہاتھ ہوسکتا ہے اور ممکن ہے اس میں آن لائن کسی سوشل نیٹ ورک کا کردار ہو، کیوںکہ تیسرے کا مالک مریخ یہاں ملوث ہے۔ رابطے یا کسی بات میں کچھ الجھن یا غلط بیانی کا بھی اندیشہ ہے جو کہ آگے چل کے سامنے آئے گا۔
برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
پیر یا منگل کو دورانِ سفر یا آن لائن کام کے دوران کسی اہم شخصیت سے رابطہ ہوسکتا ہے۔ یہ رابطہ آپ کی زندگی میں کسی شخص کو مستقل لاسکتا ہے، یعنی ازدواجی رشتہ طے ہونے کی سمت معاملہ جاسکتا ہے۔ اس سلسلے کے آگے بڑھنے میں ہفتہ اور اتوار کے ایام مددگار اور سازگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
The post علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ appeared first on ایکسپریس اردو.