اپنی قدرتی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے دوسرے انسانوں کی مدد کرنا، انسانیت کی بہترین خدمت ہے۔
اس خدمت کے انداز مختلف ہوسکتے ہیں، مثلاً کسی بھوکے انسان کو کھانا کھلانا، کسی مریض کی تیمارداری کرنا، بے روزگار کو روزگار فراہم کرنا اور کسی ضرورت مند کی مشکل میں مدد کرنا لیکن میرے نزدیک سب سے افضل اور عظیم کام کسی انسان کو اُس کی قدرتی صلاحیتوں کو نکھارنے اور بہترین انسان بننے میں راہ نمائی کرنا ہے۔
یہ عمل انسانیت کی خدمت کا سب سے اہم اور ناگریز کام کسی فردواحد اور ادارے کو اُس کی زندگی اور وجود کے مقصد سے آگاہ کرنا اور اس عمل میں عملی معاونت کرنا ہے۔
مذاہب کی بنیاد اسی انسانی اور اجتماعی فلاح کے فلسفے پر ہے، جس میں انسانیت اور جماعتی بہبود کو حقیقی ترقی کا نام دیا جاتا ہے۔ جدید ریسرچ اور نفسیات نے ثابت کیا ہے کہ انسان فرد واحد کی حیثیت سے کبھی دیر پا ترقی نہیں کر سکتا ہے۔
لرننگ اینڈڈویلپمنٹ انڈسٹری میں جسے سیلف ہیلپ اور پرسنل ڈویلپمنٹ کہا جاتا ہے، میں ذاتی طور پر ان اصلاحات کو زیادہ مفید نہیں تصور کرتا جس کہ وجہ یہ ہے کہ انفرادی ترقی ہمیشہ تکبر اور انا کو جنم دیتی ہے۔
اجتماعی ترقی کے لیے ٹریننگ اور ٹیچنگ کو اس لیے خاص اہمیت دی جاتی ہے کیوںکہ یہ معاشرے کی اصلاح اور بہتری کے لیے کردار ادا کرتے ہیں۔
ٹریننگ میں ایک خاص شعبہ کوچنگ کا میدان ہے جو بہت وسیع اور جامع ہے جس کے ذریعے آپ اپنی کلائنٹ کی راہ نمائی کرتے ہیں جو کہ حیران کن انداز میں آپ کی اپنی ترقی کا باعث بنتی ہے۔
دوسروں کی کوچنگ آپ کی ذاتی ترقی کے لیے کیسے کارگر ثابت ہوتی ہے۔ آج اس دل چسپ موضوع پر گفتگو کریں گے۔ یہ تمام باتیں میں نے اپنی عملی زندگی کے مشاہدات، برائے راست زندگی کے تجربات، ماہرین سے انٹرویوز اور وسیع مطالعہ کی بنیاد پر سیکھی ہیں۔
معروف بزنس میگزین ’’انٹرپرینیور‘‘ میں شائع ہونے والی والی ایک رپورٹ میں بزنس کوچ شھبم سیٹھی نے لکھا ہے کہ حالیہ برسوں میں کوچنگ کی صنعت میں اضافہ ہوا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
یہ اس لیے ہورہا ہے کیوںکہ لوگ کسی بیرونی ماہر کے نقطہ نظر سے مدد حاصل کرنے کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔ یہ راہ نمائی چاہے افراد کے لیے انفرادی طور پر ہو یا تنظیموں کے لیے اجتماعی سطح، حقیقت یہ ہے کہ کوچنگ واقعی ہی کام کرتی ہے۔
گوگل کے سابق سی ای او ایرک شمٹ کا کہنا ہے کہ ایپل اور گوگل جیسی کمپنیاں اپنی عالمی کام یابی کوٹریلین ڈالر بزنس کوچ، بل کیمبل کی مرہون منت سمجھتی ہیں۔ بل کیمبل نے ان کمپنیوں کے ساتھ کام کیا تاکہ انہیں یہ دکھایا جا سکے کہ کوچنگ اعتماد اور استقامت کے بارے میں ہے۔ ایرک شمٹ نے مزید کہا کہ ایک بار ان کے اور کوچ کے درمیان اعتماد قائم ہو گیا، پھر وہ مسائل کو حل کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے تھے۔
کوچنگ کو اکثر ایک مشق کے طور پر دیکھا جاتا ہے جہاں کوچ کسی کلائنٹ کو ان کے ذاتی یا پیشہ ورانہ اہداف کے حصول میں مدد فراہم کرتا ہے۔ لیکن یہ کوچ کے لیے بھی ایک بے حد اہم اور اپنی ذات کی تکمیل کرنے والی مشق ہے۔ یہ مشق انہیں فرد کے طور پر تیار کرتی ہے اور مارکیٹ میں راہ نما اور ایکسپرٹ کے طور پر مضبوط بننے میں ان کی مدد کرتی ہے۔
اگر آپ بھی اس ضمن میں مہارت حاصل کرنا چاہتے اور اپنا نام بننا چاہتے ہیں تو آپ اس طریقہ کار پر عمل کرنا ہو گا۔
آپ اپنی مہارتوں کو شیئر کرتے ہیں:
کوچنگ اپنی مہارت اور تجربات کو دوسروں کے ساتھ بانٹنے میں آپ کی مدد کرتی ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کو کوچنگ کا کئی سال کا تجربہ ہونا چاہیے۔
اس کے بجائے، آپ کے پاس کاروبار، صحت یا زندگی کا تجربہ ہونا چاہیے ۔ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کس کوچنگ کے شعبہ ومقام پر توجہ مرکوز کرنے کا انتخاب کرتے ہیں۔ اپنے کاروبار کی منصوبہ بندی کرتے وقت اپنی کوچنگ کی مناسب جگہ تلاش کرنا بنیادی اور سب سے اہم اقدامات میں سے ایک ہے۔ ایک پرفارمنس کوچ یونیورسٹی نے ایک خاکہ شیئر کیا ہے جس میں وہ تمام پہلو دکھائے گئے جن پر آپ کو اپنی مناسب جگہ اور شعبہ تلاش کرنے پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے چار حصے درجہ ذیل ہیں:
1: جس کام سے آپ محبت کرتے ہیں۔
2: جس کام کی قیمت لوگ ادا کریں گے۔
3: جس کام میں آپ اچھے اور ماہر ہیں۔
4: وہ مسائل جو آپ لوگوں کو حل کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔
کوچنگ آپ کے ذاتی تجربات کی بنیاد پر دوسروں کی مدد کے لیے ان کا استعمال کرنے کے بارے میں ہے۔ یہاں ایک مثال ہے۔ فرض کریں کہ مجھے ایک بڑی کمپنی میں مینیجر کے طور پر کام کرنے کا تجربہ ہے اور مجھے میرے ایگزیکٹیوز کی طرف سے خاطر خواہ تعاون حاصل نہیں ہے۔ اس صورت میں میں اپنی تعلیم کو دوسرے مینیجرز کی کوچنگ کے لیے استعمال کر سکتا ہوں جو اسی طرح کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ آپ اکثر ایسے لوگوں کو دیکھتے ہیں جو وزن میں کمی جیسے تجربات سے گزر چکے ہیں اور دوسرے افراد کو تربیت دینا شروع کر دیتے ہیں۔ وہ تجربہ کار اور باخبر ہوتے ہیں اور ممکنہ کلائنٹ اس کا احترام کرتے ہیں۔ حال ہی میں میں نے اپنا کئی کلو وزن کم کیا تو میرے کئی دوستوں اور وقف کاروں نے مجھ سے وزن کم کرنے کیلئے ٹپس اور ٹریننگ کی درخواست کی۔
آپ دوسروں میں خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں
کئی لوگ مجھے سے آن لائن اور پرسنل کوچنگ سیشنز کے لیے رابطہ کرتے ہیں۔ کچھ لکھنے کی خوبی کو مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ کچھ اپنا احساس کم تری سے چھٹکارا چاہتے ہیں اور خوداعتمادی بڑھانا چاہتے ہیں۔ یہ اکثر اس لیے ہوتا ہے کیوںکہ انہوں نے کسی ایسی چیز کا تجربہ کیا ہے جس نے کام، گھر یا کسی خاص کمیونٹی میں ان کے اعتماد کی سطح کو کم کر دیا ہے۔
بحیثیت کوچ، آپ اپنا کافی وقت اپنے کلائنٹس میں طویل مدت کے لیے اس اعتماد کو بڑھانے کی کوشش میں صرف کریں گے۔ لیکن اس معاملے کی حقیقت یہ ہے کہ آپ اپنے آپ پر اعتماد بھی پیدا کریں گے جتنے زیادہ کلائنٹس ہوں گے آپ کے اعتماد اور وقار میں اتنا ہی اضافہ ہوگا۔
ایک بار جب آپ کے پہلے چند کلائنٹس ہوتے ہیں، تو وہ آپ کے ساتھ اپنے مثبت تجربے کے بارے میں بات کو دوسرے لوگوں تک پہنچا سکتے ہیں، اور آپ اس عمل سے زیادہ کلائنٹس حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ جیسے جیسے وقت گزرتا ہے، زیادہ لوگ آپ کو مثبت روشنی میں دیکھتے ہیں۔ یہ آپ کے اعتماد کو بڑھا سکتا ہے اور اس سے پہلے کہ آپ اسے جانتے ہوں، آپ ایک کوچ کے طور پر کانفرنسوں اور تقریبات میں بات کررہے ہوں گے۔ لوگ آپ کے بارے میں جانتے ہوں گے۔
آپ تعلقات استوار کرتے ہیں
Words of mouth اب بھی دُنیا کی سب سے مضبوط مارکیٹنگ کی حکمت عملیوں میں سے ایک ہے۔ میں نے ابھی اس بارے میں بات کی ہے کہ یہ آپ کو مزید کلائنٹس کو راغب کرنے میں کس طرح مدد کر سکتا ہے۔ لیکن یہ اس سے بڑھ کر ہے۔ کوچنگ کلائنٹس کو اپنی طرف متوجہ کرنے اور قیمتی تعلقات بنانے پر توجہ دیتی ہے۔
کچھ کوچز ہفتے میں ایک بار اپنے کلائنٹس سے ملتے ہیں۔ ہر سیشن آپ کی ترجیح کے لحاظ سے 45-90 منٹ تک کا ہوسکتا ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ قدرتی طور پر اپنے کلائنٹس کے ساتھ تعلقات استوار کریں گے اور ایک مضبوط تعلق قائم کریں گے۔
آپ ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگیوں کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں اور کوچ اور کلائنٹ کے درمیان بہت زیادہ اعتماد ہوتا ہے۔ کوچنگ آپ کو نئے لوگوں سے ملنے، انہیں گہرے طور پر سمجھنے اور ان کے تعاون کا ستون بننے کی اجازت دیتی ہے جب کہ وہ آپ کی کوچنگ کی حکمت عملیوں کو اپنی زندگی میں عملی جامہ پہناتے ہیں۔ وقت، صبر، عزم اور مدد کرنا یہ وہ مہارتیں ہیں جو کلائنٹس آپ سے چاہتے ہیں۔ یہ ایک عظیم رشتے کے تمام اہم پہلو ہیں۔
آپ اپنے شعبے کے ماہر بن جاتے ہیں
سماجی سوچ اور کسی شعبے کے ماہرین کی تعریف مستند مواد کی فراہمی کے طور پر کی جاتی ہے جو دوسروں کو تعلیم دینے کے مقصد کے ساتھ مصنف یا کوچ کی بصیرت اور تجربے سے فائدہ اٹھاتی ہے۔ دُنیا انہیں Thought Leaders کہتی ہے۔
SEMrush نے ایک دلچسپ رپورٹ شیئر کی جس میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ لوگ سوچی سمجھی قیادت کو ’’تبدیلیوں کا باعث بننے والے الہامی مواد‘‘ کے طور پر دیکھتے ہیں جس کے بعد ’’تعلیمی مواد‘‘ اور پھر ’’صنعت کے رجحانات کو تلاش کرنے والا مواد‘‘ آتا ہے۔ یہ ہمیں دکھاتا ہے کہ لوگ کاروباری ماہرین سے متاثرکُن مواد دیکھنا چاہتے ہیں اور کوچنگ کمپنی شروع کرنے سے یہ حاصل ہو سکتا ہے۔
ایک بار جب آپ کے پاس چند سال کا تجربہ ہوجائے اور آپ اپنے شوق اور مہارت کے بارے میں لکھنا شروع کردیں، تو آپ جلد ہی لوگوں کو اپنے ساتھ مشغول ہوتے اور کوچنگ کے مشورے کے لیے مائل ہوتا دیکھیں گے۔ مزید کلائنٹس آپ کے بارے میں جانیں گے اور آپ کو دوستوں، خاندانوں اور ساتھیوں کے پاس بھیجیں گے۔ اس مرحلے پر، آپ ایک ماہر بن گئے ہیں جسے لوگ دیکھنا، پڑھنا اور سننا چاہتے ہیں۔ یہ ایک ناقابل یقین احساس ہے کیوںکہ آپ لوگوں کے ساتھ فعال طور پر مشغول رہتے ہیں اور وہ کام کر رہے ہیں جو آپ بہترین کرتے ہیں ۔ ہر روز دوسروں کی مدد کرتے ہیں۔
اپنے شعبے کے ماہر بننے کا مطلب یہ بھی ہے کہ آپ مزید مواد تیار کرنا شروع کریں، زیادہ لائیو سیشنز کی میزبانی کریں اور مزید ورکشاپس اور کانفرنسوں میں بات کریں۔ دُنیا میں مشہور کوچز، ٹونی رابنز، جان مسکوئیل، برائن ٹریسی اور سائمن سینکس جیسے عظیم لوگوں کے بارے میں سوچیں۔ یہ اس قسم کے لوگ ہیں۔
جن کی افراد اور کمپنیاں تلاش میں رہتی ہیں، اور کوچنگ آپ کو اس حد تک تعریف اور آزادی تک پہنچا سکتی ہے جتنا آپ سوچ سکتے ہیں۔ چاہے آپ کوچنگ کو زندگی میں کچھ نیا شروع کرنے کی نظر سے دیکھ رہے ہوں یا نئے لوگوں سے ملنے کے نظر سے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ مجموعی طور پر، کوچنگ میں داخل ہونے کے لیے ایک بااختیار کام ہے۔ لوگوں کو ان کے اہداف حاصل کرنے اور ان کے مسائل کو دور کرنے میں مدد کرنا ایک خوش کن چیز ہے، اور ہر ایک کو اپنی مہارت کے سیٹ کے مطابق اس پر عمل کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔
مناسب منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے ساتھ، آپ کا کوچنگ کا کام لوگوں کے لیے ایک متاثر کن کام بن سکتا ہے جب انہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہو اور سب سے بڑھ کر یہ آپ کی ذاتی ترقی کو بھی بہت زیادہ بڑھا سکتا ہے۔ زندگی میں اس زیادہ خوش گوار احساس کوئی اور نہیں ہوسکتا کہ کسی انسان کی کام یابی میں آپ کا کردار شامل ہو جو آپ کی ذاتی کا بھی سبب بنے۔ اس احساس کی اہمیت وہ لوگ ہی سمجھ سکتے ہیں جو اجتماعی ترقی اور بھلائی پر یقین رکھتے ہیں۔
The post دوسروں کی راہ نمائی آپ کی پذیرائی appeared first on ایکسپریس اردو.