بعض لوگ صبح اٹھتے ہی انتہائی پرسکون دکھائی دیتے ہیں، ان کے برعکس بعض لوگ دھندلی آنکھوں کے ساتھ افراتفری کے عالم میں نظر آتے ہیں۔ حالانکہ وہ ایک پرسکون اندازمیں اپنی صبح کا آغاز کرسکتے تھے۔
سوال یہ ہے کہ وہ کیسے اپنی صبح کو پرسکون بنا سکتے ہیں؟ آئیے ! اس سوال کا جواب جانتے ہیں۔
اپنی صبح کو پرسکون بنانے کے لئے ، سب سے پہلا کام یہ کریں کہ رات کو جلدی سوئیں۔ صبح فجر کے وقت اٹھیں، وضو کر کے نماز پڑھیں، اور پھر اپنے اردگرد منظم قسم کے لوگوں کے معاملات پر غور کریں۔
’مائی ہوم آئیڈیاز ‘ پر ایک مضمون میں سپریم آرگنائزیشن کے بانی اور صدر جوڈی واٹسن نے مشورہ دیا کہ اگر آپ گھر کے باقی افراد کی نسبت پہلے بیدار ہوتے ہیں تو پھر پہلے اپنے سارے دن کے کاموں کی فہرست بنائیں ۔ ضروری نہیں کہ فہرست لکھ کر بنائی جائے، بلکہ ترجیحات کے اعتبار سے فہرست ذہن میں بھی ترتیب دے سکتے ہیں۔
جلدی جاگنے کا لازمی تقاضا ہوگا کہ آپ جلدی سوئیں ۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ انھیں نیند ہی دیر سے آتی ہے۔ اگر آپ کو نیند نہیں آتی تو ان اسباب سے متعلق غور کریں جو آپ کی نیند میں رکاوٹ ہیں ۔
اس سلسلے میں ماہرین تجویز دیتے ہیں کہ جب آپ سونے کے لئے بیڈ کی طرف بڑھیں تو اپنے موبائل فون کو بستر سے دور رکھ دیں۔ سوتے وقت سیل فون کو قریب رکھنے کا نقصان یہ ہوتا ہے کہ آنکھ کھلتے ہی آپ اپنا سیل فون پکڑ لیں گے، نتیجتاً خون چوسنے والی پریشان کن ای میلز ، خبری سرخیاں اور سوشل میڈیا کی پوسٹس کے بلیک ہولز آپ کو نگل سکتے ہیں اور آپ کے بلڈ پریشر میں اضافہ کرسکتے ہیں۔
اس لئے ضروری ہے کہ آپ کو صبح ، صبح اپنے سیل سے دور رہیں۔ پھر اپنے بستر پر بیٹھ جائیں اور گہرے گہرے سانس لے کر تازہ ہوا کو اپنے اندر اتاریں۔
ماہرین کے مطابق اس طرح آپ خوش رہ سکتے ہیں اور یہ آپ کے لئے ایک حیرت انگیز خوش کن تجربہ ہوگا۔ صبح سویرے جاگ کر اپنے پسندیدہ کام کریں جیسے مراقبہ کرنا ، واک کرنا ، یوگاکرنا وغیرہ اور پھر دس یا پندرہ منٹ آرام کرکے اپنے دیگر روزمرہ کاموں کے لیے تیار ہوجائیں۔ برش کرنا یا غسل کرنا تو آپ کی عادت ہوگی ، اس کا آپ کی خوشی سیکوئی تعلق نہیں اس لئے وہ کام کریں جو آپ کے لئے خوشی کا باعث ہوں۔
یہ کام کرکے آپ دیکھیں گے کہ جلدی جاگنا جو کبھی آپ کو ایک مشکل چیلنج کی طرح لگتا تھا ، اب ایک آسان کام بن گیا ہے۔ اس کا ایک بڑا فائدہ یہ بھی ہوگا کہ آہستہ آہستہ آپ کی زندگی سے بے ترتیبی ختم ہوتی چلی جائے گی ۔
جب آپ سارے دن کے کاموں کے لئے تیار ہو جائیں گے تو پھر سب سے پہلے اپنے موبائل سے ضروری پیغامات چیک کریں اور ان کا جواب دیں ۔ اس طرح آپ ضروری باتوںکا جواب دینا نہیں بھولیں گے۔
اس کے علاوہ یہ بھی ضروری ہے کہ آپ ایک وقت میں ایک ہی کام کریںکیونکہ ایک دم ہم دنیا کو بدل نہیں سکتے ۔ اگر ہم ایک ہی وقت میں سارے کام کرنے کی کوشش کریں گے تو ہم بے زار ہوجائیں گے اور کوئی کام بھی ڈھنگ سے نہیں کر پائیں گے۔
اپنے آپ کو غیر منظم زندگی سے بچانے کے لئے ایک ہی وقت میں ایک ہی کام کریں گے تو دیگر ضروری کاموں کے بارے میں بہتر انداز میں سوچنے کا موقع مل جائے گا ۔ دیگر ضروری کام ان کے شیڈول کے مطابق کریں۔
اگرکوئی خاتون کھانا تیار کرنے لگی ہیں تو انھیں علم ہونا چاہیے کہ صبح ، دوپہر اور رات کے کھانے میں کیا کچھ بنانا ہے ۔ اس طرح وہ آج کیا پکاؤں؟ کے سوال کے بارے میں سوچتے ہوئے وقت ضائع نہیں کریں گی، اپنے اس وقت کو کسی دوسرے مفید اور ضروری کام میں صرف کریں گی۔
آپ کو یہ بھی یہ بھی سوچنا ہے کہ آپ کس طرح اپنے کاموں کومزید آسان اور دلچسپ بنا سکتے ہیں ۔ اپنے کام کو آسان بنانے کے لئے اپنے کاموں کی فہرست میں آپ اپنے موڈ کے مطابق ترمیم بھی کر سکتے ہیں۔
نظم و ضبط کے ماہرین کے مطابق اگر رات کو آپ کسی کام کے بارے میں سوچیں گے ، تو صبح اس کے مثبت پہلو ؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنانے کے لئے تیار ہو جائیں۔
فہرست کو ترتیب دیتے ہوئے اس بات کو بھی مد نظر رکھیں کہ آپ پر اضافی بوجھ نہ بڑھے۔ ماہرین کے مطابق اومنی فوکس کا استعمال اپنے آپ کو سرگرم رکھنے کے لئے کریں اور آئی فون پر ریمائنڈرز ایپ کا استعمال بھی کریں ۔ یہ بہترین ٹاسک لسٹ ایپ ہے ۔
اگر آپ کا کام بروقت ختم نہیں ہوتا تو ایسی وجوہات کا پتہ لگائیں جو اسکی راہ میں مشکلات بڑھاتی ہیں ۔ آپ مشکل کام پہلے کریں یعنی جو ہمیں سب سے زیادہ مشکل لگتا ہے اور اسے پہلے نہیں کرنا چاہتے، اسے پہلے ہی مکمل کریں۔ اس سے ہم ایک بامقصد اور نتیجہ خیز دن گزارسکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سب سے مشکل کام کو جلدی مکمل کرنا بہترین طرزعمل ہے۔
اگرزندگی میںکسی بھی مرحلے پر مایوسی محسوس کر رہے ہوں تو کامیاب لوگوں کے حالات زندگی پڑھیں ، جنہوں نے مشکلات کے اندھیرے کو شکست دیکر روشنی تک رسائی حاصل کر لی اور پھر زندگی میں کامیاب ہو گئے۔ ان کے حالات زندگی پڑھ کر آپ اپنے اندر نئی قوت محسوس کریں گے۔
اپنی زندگی کو بے ترتیبی سے بچانے کے لیے اپنے گھر کو صاف ستھرا اور سلیقہ شعاری کا عکاس بنائیں کیونکہ جب آپ تھک ہار کر گھر آتے ہیں تو صاف ستھرا گھر آپ کو پرسکون کر دیتا ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ گھر سے نکلنے سے پہلے اسے ترتیب دیں ، ہر چیز کو سلیقہ سے رکھیں تاکہ جب آپ گھر واپس آئیں تو صاف ستھرا ماحول دیکھ کر آپ کے دل و دماغ کی تھکن دور ہوجائے۔میرا پرزور مشورہ ہے کہ مذکورہ بالا رہنما اصولوں کو اپنائیں ، اپنی زندگی کو کامیاب بنا لیں کیونکہ یہی کامیاب زندگی کے راز ہیں۔
The post صبح کا آغاز ، صحت مندانہ انداز میں کیسے کریں؟ appeared first on ایکسپریس اردو.