علمِ الاعداد سے نمبر معلوم کرنے کا طریقہ
دو طریقے ہیں اور دونوں طریقوں کے نمبر اہم ہیں
اول تاریخ پیدائش دوم نام سے!
اول طریقہ تاریخ پیدائش:
مثلاً احسن کی تاریخ پیدائش 12۔7۔1990 ہے۔
ان تمام اعداد کو مفرد کیجیے:
1+2+7+1+9+9=29=2+9=11=1+1=2
گویا تاریخ پیدائش سے احسن کا نمبر 2 نکلا۔
اور طریقہ دوم میں:
سائل، سائل کی والدہ، اور سائل کے والد، ان کے ناموں کے اعداد کو مفرد کیجیے
مثلاً نام ”احسن ” والدہ کا نام ” شمسہ” والد کا نام ” راشد”
حروفِ ابجد کے نمبرز کی ترتیب یوں ہے:
1 کے حروف (ا،ی،ق،غ) 2 کے حروف (ب،ک،ر) 3 کے حروف (ج،ل،ش)
4 کے حروف (د،م،ت) 5 کے حروف (ہ،ن،ث) 6 کے حروف (و،س،خ)
7 کے حروف (ز،ع،ذ) 8 کے حروف (ح،ف،ض) 9 کے حروف (ط،ص،ظ)
احسن کے نمبر (1،8،6،5) تمام نمبرز کو مفرد کردیں۔
(1+8+6+5=20=2+0= 2 گویا احسن کا نمبر2 ہے۔
ایسے ہی احسن کی والدہ ”شمسہ ”کا نمبر9 اور والد راشد کا نمبر1 بنتا ہے
اب ان تینوں نمبروں کا مفرد کرنے پر ہمیں احسن کا ایکٹیو یا لائف پاتھ نمبر مل جائے گا۔ (2+9+1=12=1+2=3) گویا علم جفر کے حساب سے احسن کے نام کا نمبر 3 نکلا!
علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ
7 تا 13 فروری 2022
پیر 7فروری 2022
آج کا حاکم نمبر 8 ہے۔صبر کرنے کی ضرورت پڑے گی، دل پر بوجھ ہوسکتا ہے، کچھ کام تاخیر کی لپیٹ میں آسکتے ہیں ، کچھ مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔ مستقل مزاج اور ڈٹ کر رہیں۔2,3,4,6,7 اور8 کے لیے بہتر دن ہوسکتا ہے۔
1,5اور9 نمبر والوں کے لیے اہم اور کچھ مشکل بھی ہوسکتا ہے۔
صدقہ: 20 یا 200 روپے، سفید رنگ کی چیزیں، کپڑا، دودھ، دہی، چینی یا سوجی کسی بیوہ یا غریب خاتون کو بطورِصدقہ دینا ایک بہتر عمل ہوگا۔
وظیفۂ خاص ”یارحیم، یارحمٰن، یااللہ” 11 بار یا 200 بار اول وآخر 11 بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔
منگل 8 فروری 2022
آج کا حاکم نمبر 7 ہے۔ایسی یادِماضی جو روح میں کڑواہٹ کا دھواں بھردے، تازہ ہوسکتی ہے۔ 3,4,5,7,8اور9 نمبر والوں کے لیے آج کا دن کافی حد تک بہتری لائے گا۔1,2اور6 نمبر والوں کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔
صدقہ: 90 یا 900 روپے، سرخ رنگ کی چیزیں ٹماٹر، کپڑا، گوشت یا سبزی کسی معذورسیکیوریٹی سے منسلک فرد یا اس کی فیملی کو دینا بہتر عمل ہوگا۔
وظیفۂ خاص”یاغفار، یاستار، استغفراللہ العظیم” 9 یا 90 بار اول وآخر11 بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔
بدھ 9فروری 2022
آج کا حاکم نمبر 4 ہے۔ایک متوقع دن، حالات آپ کی توقع سے ہٹ کے الٹ ہوسکتے ہیں، ایسا کچھ کہ جو گمان میں نہ ہو۔1،2,3,6,7 اور8 نمبر والوں کے لیے آج دن کافی بہتر ہوسکتا ہے۔4,5 اور9 نمبر والوں کو کچھ معاملات میں رکاوٹ اور پریشانی کا اندیشہ ہے۔صدقہ: زرد رنگ کی چیزیں یا 50 یا 500 روپے کسی مستحق طالب علم یا تیسری جنس کو دینا بہتر ہے، تایا، چاچا، پھوپھی کی خدمت بھی صدقہ ہے۔
وظیفۂ خاص”یاخبیرُ، یاوکیلُ، یااللہ” 41 بار اول و آخر 11 باردرودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔
جمعرات 10فروری 2022
آج کا حاکم نمبر 3 ہے۔کسی مذہبی شخصیت سے ملاقات یا کسی مذہبی پروگرام میں شرکت کے لیے سفر ہوسکتا یا دعوت مل سکتی ہے، آگے بڑھنے کا موقع ملے گا ترقی کے راستے کھلیں گے2,3,4,7,8 اور9 نمبر والوں کے لیے آج کا دن کافی بہتر رہنے کی امید ہے۔1,5اور6 نمبر والوں کو کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔
صدقہ: میٹھی چیز، 30 یا 300 روپے کسی مستحق نیک شخص کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے، مسجد کے پیش امام کی خدمت بھی احسن صدقہ ہے۔
وظیفۂ خاص”سورۂ فاتحہ 7 بار یا یاقدوس، یاوھابُ، یااللہ” 21 بار اول و آخر 11 بار درودشریف پڑھنا بہتر عمل ہوگا۔
جمعہ 11فروری 2022
آج کا حاکم نمبر7 ہے۔تنہائی، خوداحتسابی اور اپنے محاسبے کا بہتر وقت، آپ وجودی دائرے سے نکل کر روحانی دنیا کی سیر کو ترجیح دے سکتے ہیں۔ 3,4,5,7,8اور9 کے لیے بہتری کی امید ہے۔1,2اور6 نمبر والوں کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔
صدقہ: 60 یا 600 روپے یا 600 گرام یا6 کلو چینی۔ سوجی یا کوئی جنس کسی بیوہ کو دینا بہترین عمل ہوسکتا ہے۔وظیفۂ خاص”سورۂ کہف یا یاودود، یامعید، یااللہ” 11 بار ورد کرنا بہتر ہوگا۔
ہفتہ 12فروری 2022
آج کا حاکم عدد 1ہے۔آج کا دن مزدوروں کا ہے، ممکن ہے کسان، مزدور یا مشقت کرنے والا طبقہ کسی بہتری کی کوئی خبر سن سکیں۔ بادشاہ کے پاس شاید اور کوئی آپشن نہ ہو۔1,2,4,5,6اور9 نمبر والوں کے لیے ایک اچھا دن ہوسکتا ہے۔
3,7اور8 کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔صدقہ: 80 یا800 روپے یا کالے رنگ کی چیزیں کالے چنے، کالے رنگ کے کپڑے سرسوں کے تیل کے پراٹھے کسی معذور یا عمررسیدہ مستحق فرد کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے۔
وظیفۂ خاص”یافتاح، یاوھابُ، یارزاق، یااللہ” 80 بار اول و آخر 11 بار درودشریف کا ورد بہتر عمل ہوگا۔
اتوار 13فروری 2022
آج کا حاکم نمبر 4 ہے۔اچانک کسی اہم شخص سے ملاقات ہوسکتی ہے۔ بیٹھے بیٹھے بڑا فائدہ ہوسکتا ہے۔ آپ کا سورج چمک دمک رہا ہے۔ ایک بڑی تبدیلی کا امکان ہے۔
1,2,3,6,7اور8 کے لیے اچھے دن کی امید ہے۔
4,5اور9 نمبر والوں کو مشکل ہوسکتی ہے۔
صدقہ: 13 یا 100 روپے یا سنہری رنگ کی چیزیں گندم، پھل، کپڑے، کتابیں یا کسی باپ کی عمر کے فرد کی خدمت کرنا بہتر ہوگا۔
وظیفۂ خاص”یاحی، یاقیوم، یااللہ” 13 یا 100 بار اول و آخر 11 بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔
مسائل اور ان کا حل
اسلام آباد سے ناہید کیانی صاحبہ!
میں اپنی اصل تاریخ پیدائش اور ہاتھوں کی تصاویر بھیج رہی ہوں، شادی کی عمر نکلی جارہی ہے، والدین پریشان ہیں، دو رشتے آئے لیکن بات تکمیل نہ پاسکی، کب تک شادی کا امکان ہے؟
اور اس سے متعلق کوئی وظیفہ اور صدقہ بھی ضرور بتادیں!
جواب: محترمہ! آپ کے برتھ چارٹ سے آگاہی ملتی ہے کہ مئی اور جون میں کوئی مناسب رشتہ آرہا ہے اور کچھ باتیں اگرچہ ناپسند ہوسکتی ہیں لیکن شادی کے واضح امکانات ہیں، پریشان نہ ہوں۔
صدقہ :ہفتے کے دن کسی معذور یا عمررسیدہ مزدور کو کھانا یا لباس دلادیں۔
وظیفہ :جب بھی ذہن الجھے آنکھیں بند کریں جتنی بار پڑھ سکیں پڑھیں۔
“یا بدیع العجائب یا مسبب الاسباب یا اللہ”
ندیم حیدر سید کراچی سے
میں کینیڈین سٹیزن ہوں لیکن بچے اور والدہ یہیں کراچی میں ہیں۔ 2010 میں واپس آگیا تو والدہ کا حکم تھا کہ باہر نہ جاؤں، لیکن ان سالوں میں نقصان ہی ہوا ہے۔ اب حالات کافی پریشان کن ہیں، سمجھ میں نہیں آرہا یہاں رہوں یا کینیڈا چلا جاؤں!
جواب: جناب سید صاحب!
آپ درست کہہ رہے ہیں۔ گذشتہ عرصے میں آپ مستقل مسائل کا ہی سامنا کرتے رہے اور یہ بہت سعادت مندی کی بات ہے کہ آپ نے والدہ کے حکم پر ایسا کیا۔ لگتا ہے کہ یہ اطاعت گزاری رنگ لانے والی ہے کیوںکہ فروری کے آخر میں دو قریبی دوستوں سے مل کر آپ کوئی بزنس شروع کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ہر کام کا ایک وقت ہوتا ہے ہر مشکل وقت ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتا آپ کا مشکل وقت گزر چکا ہے۔
وردِخاص:نمازِفجر کے بعد کھڑے ہوکر 11بار سورہ شمس پڑھیں، ان شاء اللہ آسانی ہوگی۔
صدقہ:اتوار کے دن کسی مستحق کی حسبِ توفیق مدد کردیں۔ کوشش کریں کہ اس کی ضرورت جان کراس کی مدد کریں۔
کراچی سے ناصر اقبال بیگ صاحب!
میری شادی کو بارہ سال ہوگئے ہیں، تین بار امید ہوکے ختم ہوگئی اور دو بار بچہ ہوکر فوت ہوگیا ہے ، ڈاکٹروں سے بھی علاج کروایا ہے اور عاملین سے بھی لیکن فرق نہیں پڑا، عامل کہتے ہیں کوئی جِننی ہے جو بچے کھا جاتی ہے، براہِ کرم ہماری راہ نمائی کردیں۔
جواب: عزیز ناصر اقبال بیگ صاحب! لگتا ہے کہ آپ کسی مستند حکیم یا ڈاکٹر سے نہیں ملے ہیں ۔ رحمِ مادر میں ایک خرابی کہ جسے ام الصبان کا نام دیا گیا ہے رحم میں اس خرابی کی وجہ سے اٹھرا کا مرض جنم لیتا ہے ، جس سے مریضہ کو بعض اوقات ڈراؤنے خواب آتے ہیں کبھی کبھار جاگتے میں بھی ایسی باتیں، کیفیت اور حالت ہوجاتی ہے کہ ہر دوسرا دیکھنے والا جنات اور آسیب ہونے کی سند جاری کردیتا ہے۔
اس خرابی کا حکمت میں بھی علاج موجود ہے اور موجود ایلوپیتھک میں بھی اس کا مستند علاج ہے۔ آپ کسی مستند حکیم سے ملیں ان شاء اللہ یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ آپ کے اور آپ کی اہلیہ کے ہاتھوں پر بنے وال کلاک کی سوئیاں بتاتی ہیں کہ آپ کے ہاں ان شاء اللہ دو سے تین بیٹے ہوں گے۔
ہر روز اپنے کھانے سے بچاکر پرندوں کو کھلائیں اور ہوسکے تو کسی جانور یا پرندے کا چھوٹا بچہ پالیں اور اس کی پرورش پر خصوصی توجہ دیں، اور اگر ممکن ہو سکے تو کوئی یتیم اور لا وارث بچہ پال لیں اللہ بڑا مہربان ہے۔
وظیفہ :فحر اور عشاء کی نماز کے بعد 72 بار یا وارث یا بدیع العائب یا اللہ معہ اول و آخر 11,11 بار درودِ ابراہیمی پڑھیں۔
نواب شاہ سے گلزار احمد صاحب
جناب! میرا نام گلزاراحمد اور والدہ کا نام فاطمہ بی بی ہے ، میرا برج اور ستارہ کیا ہے؟
جواب:_ برادر گلزار احمد! برج کا نام سے معلوم نہیں کیا جاسکتا ہے، برج کا تعلق آپ کی تاریخ پیدائش، وقتِ پیدائش اور مقامِ پیدائش سے ہوتا ہے۔ ایسا سمجھ لیں کہ زمیں بارہ بروج کے ایک دائرے کے اندر ہے، زمیں چوبیس گھنٹوں میں اپنا دائرہ مکمل کرلیتی ہے، گویا دو گھنٹے کے بعد برج تبدیل ہوجاتا ہے کیوںکہ جس مقام پر آپ موجود ہیں وہ کسی نہ کسی برج کے سامنے ہے، آپ کی پیدائش کے وقت افق یعنی مقامِ طلوع پر جو برج طلوع ہورہا تھا وہی آپ کا اصل برج ہے۔ شمسی برج تقریباً ہر دوسرے اخبار میں موجود ہوتا ہے کہ کس تاریخ کو پیدائش ہونے والے کا برجِ شمسی کیا ہے۔
شاہدہ کریم مردان سے
میں ایک ادارے میں جاب کرتی ہوں۔ گذشتہ سال بیماری کی وجہ سے جاب پر مسلسل دو ماہ نہ جاسکی۔ ادارے کے کچھ تنگ دل افراد نے ہمارے باس سے شکایت کرکے میری نوکری ختم کرادی ہے۔ میں نے کورٹ میں اپیل کررکھی ہے اور ایک جگہ نئی جاب کے لیے درخواست بھی دے رکھی ہے، لیکن میں چاہتی ہوں کہ میری یہ جاب بحال ہوجائے، کیا ایسا ممکن ہے؟
جواب: محترمہ آپ کے زائچے کے مطابق گذشتہ سال کیتو اور راہو نے آپ کی جاب اور صحت دونوں کو متاثر کیا۔ ہمارے علم کے مطابق آپ ابھی مکمل صحت یاب نہیں ہوئیں۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ اپنی صحت پر توجہ دیں اور دوم امکان یہی ہے کہ آپ کی جاب بحال ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔ ہاں اپریل میں نئی جاب کے واضح امکانات موجود ہیں۔
صدقہ :ہفتہ کو 80 یا 800 روپے یا کسی مریض کو دوا لے کردیں اور بدھ کے دن کسی مستحق طالبعلم کو کتابیں یا کپڑے لے کر دیں۔
وظیفہ :سبحان اللہ وبحمدہ سبحان اللہ العظیم کی کثرت کریں۔
آپ اس سلسلے میں کسی بھی الجھن کا شکار ہیں تو سوال پوچھ سکتے ہیں۔ سائل کی تاریخ، وقت اور جائے پیدائش، دونوں ہاتھوں کی واضح تصاویر اور مختصر الفاظ میں سوال، جواب کی شرائط ہیں۔
The post روحانی دوست appeared first on ایکسپریس اردو.