روزہ افطار کرنا
احسان اللہ شان،لاہور
خواب : میں نے کچھ دن پہلے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے دفتر میں بیٹھا کام کر رہا ہوں اور میرے باس کے کوئی ملاقاتی آتے ہیں جو ان کے مصروف ہونے کی بنا پہ میرے پاس بیٹھ جاتے ہیں۔ میں بھی خواب میں کام کرنے کی بجائے ان سے باتیں کر رہا ہوتا ہوں پھر اذان کی آواز آتی ہے تو وہ کچھ سامان خور ونوش نکالتے ہیں اور مجھے اپنے ساتھ روزہ افطار کرنے کی دعوت دیتے ہیں اور میں ان کے ساتھ روزہ افطار کرنے لگ جاتا ہوں۔ باقی مجھے کچھ یاد تو نہیں مگر یہ خواب عجیب لگا کیونکہ ہمارے آفس کے اوقات اتنے نہیں ہیں کہ ہم افطار تک ادھر رہیں۔ برائے کرم اس کی تعبیر بتا دیں ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں۔
بارش سے کمرے کی چھت گرنا
رقیہ مقصود، اسلام آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ کافی بارش ہو رہی ہے اور ہم اپنے گھر کے اندر کمروں میں پریشان بیٹھے ہیں۔ بارش کی شدت بہت زیادہ ہوتی ہے کہ ہم اس خوف میں ہوتے ہیں کہ کہیں پانی اندر نہ آ جائے۔ اسی دوران ہماری چھت سے بھی پانی ٹپکنا شروع ہو جاتا ہے۔ اسی بات کو لے کہ ابھی پریشانی کے عالم میں بیٹھے ہوتے ہیں کہ ایک خوفناک دھماکے کی آواز آتی ہے اور ہمارے ساتھ والے کمرے کی چھت گر جاتی ہے۔ ہم سب چیخیں مارتے ہوئے ادھر سے باہر نکلتے ہیں۔ اسی کے ساتھ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوہر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور لازمی طور پہ صدقہ و خیرات بھی کریں۔
نکاح نامہ پر دستخط کرنا
نادیہ محمود، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری دوست کی شادی ہے اور ہمارے کالج کی تمام دوستیں وہاں موجود ہیں۔ ہم سب بہت خوشی سے ڈھولک بجاتے ہوئے گانے گا رہے ہیں۔ پھر نکاح کے لئے لوگ اندر آتے ہیں اور ہم سب بھی ایک طرف بیٹھ جاتے ہیں۔ پھر میں دیکھتی ہوں کہ نکاح خواں میرے ابو اور ماموں کے ساتھ میری طرف آتے ہیں اور مجھ سے نکاح کا پوچھتے ہیں ، پھر میں خوشی خوشی سائن کر دیتی ہوں۔ اس کے ساتھ ہی دیکھتی ہوں کہ ہر طرف میرے ہی رشتے دار ہوتے ہیں۔
تعبیر: اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نا کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں۔
کشتی کی سیر
سعدیہ خرم غنی، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے میاں کے ساتھ کہیں گھومنے گئی ہوئی ہوں۔ وہاں بہت سے لوگ کشتی کی سیر کر رہے ہیں ، مجھے پانی سے بہت خوف آتا ہے مگر میرے میاں کہتے ہیں کہ آؤ ہم بھی اس میں بیٹھتے ہیں ۔ میرے منع کرنے کے باوجود وہ میرا بھی ٹکٹ لے لیتے ہیں جس پہ میں ان سے ناراض بھی ہوتی ہوں مگر وہ سنتے نہیں اور زبردستی مجھے کشتی میں بٹھا دیتے ہیں۔ میں بہت زیادہ خوفزدہ ہوتی ہوں۔ پانی بھی کافی مٹیالہ اور کچھ کچھ کیچڑ جیسا لگ رہا ہوتا ہے۔ اور میں یھی سوچ رہی ہوتی ہوں کہ اتنا دلدلی پانی ہے یہ کشتی آگے نہیں جائے گی بلکہ یہیں پھنس جائے گی۔ مجھے یوں لگ رہا ہوتا ہے کہ جیسے میرا سانس بند ہو جائے گا ۔
تعبیر: خواب مختلف عادات کی طرف بھی اشارہ کرتے ہیں تا کہ آپ خود میں تبدیلی لے کر آئیں۔ یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری سے ذہن سے نکال کر اللہ کی طرف دھیان لگائیں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
شوہر کی ناراضگی
غوثیہ علی، گوجرانوالہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میری نند کی شادی ہے اور میرے میاں نے اس کے شادی کے جوڑے کی ادائیگی کے لئے مجھے پیسے دیئے ہیں جو کہ میرا ذ اتی خیال ہوتا ہے کہ میرے پرس میں تھے اور پرس میں نے نند کو گھر سے نکلنے سے پہلے ہی دے دیا تھا ۔ جب ہم سوٹ لینے گئے تو ادائیگی کے وقت میں اپنی نند سے کہتی ہوں کہ تم پیسے دو، تو وہ کہتی ہے کہ میرے پاس تو کوئی پیسے نہیں ۔ یہ سن کر میں بہت پریشان ہوتی ہوں۔ مگر میری نند کسی طرح یہ ماننے کو تیار نہیں ہوتی کہ میں ان کو پیسے دے چکی ہوں پھر میرے میاں وہیں مجھے سب کے سامنے برا بھلا کہنے لگ جاتے ہیں ۔
تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.