بچوں میں حلوہ بانٹنا
احمد بشیر، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے پرانے محلے میں کسی دوست سے ملنے گیا ہوں۔ وہاں پہ میری امی بھی موجود ہیں اور ہمارے ہمسائیوں کے گھر کھڑی سب بچوں کو حلوہ بانٹ رہی ہیں۔ مجھے بہت حیرت ہوتی ہے کہ امی میرے ساتھ ہی آ جاتیں۔ میرے بہت سے پرانے دوست اور کئی محلے والے ان کا شکریہ ادا کرنے آ رہے ہوتے ہیں۔ پھر ہم بھی اس کو کھاتے ہیں جو کہ بے حد لذیذ ہوتا ہے۔ میرے دوست مجھ سے پوچھتے ہیں کہ ان کو مزید بھی بنوا دوں اپنی امی سے۔ برائے مہربانی مجھے اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے تنگ دستی، غم اور پریشانی سے نجات ملے گی۔ اللہ تعالی کی مہربانی سے قرض کی ادائیگی کی کوئی بہتر سبیل بن جائے گی۔ اور اس کے علاوہ اگر کوئی بیمار ہے گھر میں تو اس کو شفاء ملے گی۔آپ سب نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
سرسوں کی سوکھی فصل
محمد علی، شیخوپورہ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کھیتوں کا جائزہ لے رہا ہوں اور اپنے ہمسائیوں کی فصل کو دیکھ کہ سوچتا پوں کہ ان کا کھیت سرسوں سے لدا پڑا ہے جبکہ میرا اس سال اچھی کھاد استعمال کرنے کے باوجو اتنا کم کیوں ہے اور واقعتاً میرا لگا ہوا سرسوں کافی سوکھا ہوا اور کم نمو یافتہ ہوتا ہے جس کو دیکھ کہ میں بہت رنجیدہ ہوتا ہوں اور ڈیرے کی طرف چل پڑتا ہوں۔
تعبیر: خواب ظاپر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم سے واسطہ پڑ سکتا ہے۔کاروباری معاملات میں بھی کسی رکاوٹ یا پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر جمعرات حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں۔ اس کے علاوہ اپنے گھر میں پرندوں کو دانہ ڈالنے کا بھی اہتمام کریں۔
بکری خریدنا
نورین خان، سرگودھا
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے میاں کے ساتھ کہیں جا رہی ہوں ۔ راستے میں کہیں ریوڑ ملتا ہے جس کی پیاری پیاری بکریاں دیکھ کر میں اصرار کرتی ہوں کہ میں اپنے بیٹے کے لئے ایک بکری لے جاؤں تا کہ وہ اس سے کھیلا کرے ۔ میری ضد سے تنگ آ کر میرے میاں ایک بکری خرید لیتے ہیں۔ مگر گھر آ کر جب ھم دیکھتے ہیں تو وہ بکری مری ہوتی ہے۔ یہ دیکھ کہ میرے میاں مجھ پہ بہت زیادہ ناراض ہوتے ہیں اور پھر مجھے سمجھ بھی نہیں آتی کہ میں اس کو کہاں پھینکوں۔
تعبیر : خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی ناگہانی آفت یا پریشانی سے دوچار ہونا پڑے گا۔ خاص طور پہ گھریلو معاملات میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔گھریلو معاملات کو کبھی حد سے بڑھنے نہ دیں، خاص طور پر اپنے میاں کے ساتھ غیرضروری بحث سے گریز کریں ۔ بلکہ ان کو جو بھی کھانے یا پینے کو دیں اس پہ ایک مرتبہ یا ودود اور ایک مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھ کے پھونک مار دیا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں۔
ریشم کا لباس
کوثر پروین، لاہور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کالج کسی فنکشن میں گئی ہوئی ہوں اور خوب پیارا ریشم کا بنا ہوا قیمتی لباس پہنے ہوئے ہوں۔ میری دوستیں بھی خوب بن سنور کے آئی ہوئی ہیں مگر اس کے باوجود سب مجھ سے اس جوڑے کے بارے میں پوچھ رہے ہوتے ہیں جو کہ مجھے خود نہیں پتہ ہوتا کہ کس نے دیا یا کہاں سے آیا ۔جب ہم اپنے اساتذہ سے ملتے ہیں، میری کئی اساتذہ مجھے بلا کے اس سوٹ کی نرمی اور خوبصورتی کی تعریف کرتی ہیں۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو کہ خوشی پہ دلیل کرتا ہے۔ اس کا تعلق تعلیمی معاملات اور گھریلو دونوں سے ہو سکتا ہے۔ اللہ کی مہربانی سے عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا، آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔
دوست کے گھر زردہ کھانا
عدنان خاور،لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوست کے گھر گیا ہوں اور جیسے وہاں کوئی دعوت ہو رہی ہے۔ میں یہ دیکھ کر سوچتا ہوں کہ میں اس وقت واپس چلا جاتا ہوں اور دوبارہ کسی روز آ جاوں گا ۔ مگر میرے دوست کی والدہ مجھے زبردستی اندر لے جاتی ہیں اور ایک کمرے میں بٹھا دیتی ہیں۔ کچھ ہی دیر میں ادھر ملازمہ کچھ ٹرے میں لے کر آتی ہے جو کہ زردہ ہوتا ہے۔ مجھے ذاتی طور یہ پسند نہیں مگر وہاں میں یہ کھا لیتا ہوں اور بے حد لذیذ اور ایسے ذائقے والا ہوتا ہے کہ میرا ھاتھ نہیں رکتا۔ میں پوری پلیٹ ختم کر جاتا ہوں۔ اتنی دیر میں میرا دوست بھی آ جاتا ہے تو میں اس سے بھی اس کے منفرد ذائقے کی تعریف کرتا ہوں۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات پہ دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالی اپنے فضل و کرم سے آپ کو مال و دولت عطا کریں گے ۔ مال و وسائل میں اضافے سے رزق میں بھی برکت ہو گی اور اس سے زندگی میں آسانی پیدا ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں۔
چھری زنگ آلود
جواد منصور، لاہور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر میں بقر عید کے لئے جانور قربان کرنے کے لئے چھری لا کر رکھتا ہوں اور باقی کی چیزیں بھی اکٹھی کر کے قربانی کے لئے کام شروع کرتا ہوں، مگر کیا دیکھتا ہوں کہ میری چھری بہت زنگ آلود ہوتی ہے اور اس قابل بھی نہیں ہوتی کہ سبزی تک کاٹ سکے، جانور کاٹنا تو ناممکن سی بات تھی۔ یہ دیکھ کر میں بہت رنجیدہ و پریشان ہوتا ہوں اور اٹھ کر گھر کے اندر چلا جاتا ہوں ۔
تعبیر :آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اب اس کا تعلق گھریلو تعلیمی یا کاروباری دنیا سے بھی ہو سکتا ہیے ۔ آپ چلتے پھرتے وضو بے وضو یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ ممکن ہو سکے تو روزانہ حسب توفیق صدق و خیرات کریں یا مالی حالات اس کی اجازت نہیں دیتے تو چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا اہتمام کریں ۔
باس بادام بھیجتا ہے
شاہد قیوم،اوکاڑہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں دفتر میں بیٹھا دیر تک کام کر رہا ہوں کیونکہ مجھے وہ اسی دن پورا کر کے جمع کرانا ہے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ میں جلدی جلدی مکمل کر کے باس کی متوقع ڈانٹ سے بچ سکوں۔ اسی اثناء میں چائے کا وقت ہو جاتا ہے اور میں بھی کچھ دیر سکون کے لیے چائے پینے لگتا ہوں، تو میں دیکھتا ہوں کہ میری پلیٹ میں ایک طرف کچھ بادام پڑے ہیں۔ میں ان کو حیران ہو کر دیکھتا ہوں کہ کس نے مجھے بھیج دئیے کیونکہ اور کسی کے پاس نہیں تھے۔ اس پہ چپڑاسی مجھے کہتا ہے کہ یہ باس نے میرے لئے بھیجے ہیں اور میں پھر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو کہ کاروباری یا نوکری کے معاملات میں ترقی پہ دلیل کرتا ہے۔ اللہ کی مہربانی سے مزید آسانی حاصل ہو گی ۔ آپ لازمی نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور ممکن ہو سکے تو گھر میں پرندوں کو دانہ ڈالنے کا اہتمام کریں ۔
نرگس کا پھول دیکھنا
تمنا ظہیر، آسٹریلیا
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے میاں کے ساتھ ایک مقامی باغ میں جاتی ہوں۔ وہاں ہم دونوں سیر کر رہے ہوتے ہیں اور پھر میں پھولوں کی ایک کیاری کے پاس آکر رک جاتی ہوں۔ وہاں پر نرگس کے پھول لگے ہوئے ہوتے ہیں۔ میں ان کو بڑے غور سے دیکھتی ہوں اور پھر نیچے جھک کر اس کی خوشبو بھی سونگھتی ہوں۔ بڑی اچھی خوشبو ہوتی ہے اور پھر ہم وہا ں سے واپس آتے ہیں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے ہاں ایک خوبصورت فرزند پیدا ہوگا جو آپ کے خاندان کی عزت اور وقار میں اضافہ کرے گا۔ تجارت اور کاروبار میں ترقی ہوگی اور آپ کے رزق میں بھی اضافہ ہوگا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔
ماں میرا صدقہ دیتی ہے
سمیرا خان، لاہور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں سو رہی ہوتی ہوں کہ میری امی میرے کمرے میں آتی ہیں۔ ان کے ہاتھ میں کچھ گوشت ہوتا ہے اور وہ گوشت میرے جسم پر سے سات مرتبہ وار دیتی ہیں۔ پھر نوکرانی کو آواز دے کر وہ گوشت اس کے حوالے کر دیتی ہیں اور کہتی ہیں کہ یہ صدقہ ہے اور کسی کو باہر دے آؤ۔ میں اپنی امی کی طرف دیکھتی ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے تنگ دستی، غم اور پریشانی سے نجات ملے گی۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے قرض کی ادائیگی کی کوئی بہتر سبیل بن جائے گی۔ اگر گھر میں کوئی بیمار ہے تو اس کو شفاء ملے گی۔ کاروبار میں اضافہ ہوگا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ گھر کا ماحول بہتر ہوگا۔ آرام اور سکون بھی ملے گا۔ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔
The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.