کینیڈا میں بدترین ہیٹ ویو
5 جولائی کو کینیڈا میں کئی دہائیوں کا ریکارڈ توڑ دینے والی گرمی کی شدید لہر کے باعث 33 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ گرمی کی شدید لہر کینیڈا کے جنوبی صوبے کیوبک میں آئی، جہاں درجۂ حرارت 35 سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ گیا۔
لیتھونیا کے لیے عالمی تنظیم برائے اقتصادی تعاون اور ترقی کی ممبرشپ
5 جولائی کو عالمی تنظیم برائے اقتصادی تعاون اور ترقی نے لیتھونیا کو تنظیم کی رکنیت سے نوازا۔ بحیرۂ بالٹک پر واقع اس ملک کی معیشت بہتر ہونے پر لیتھونیا کو اس اعزاز سے نوازا گیا۔
6 جولائی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو 10سال قید، ایک ارب 29 کروڑ روپے جرمانہ، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7سال قید، 32 کروڑ روپے جرمانہ جب کہ داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ایک سال قیدبامشقت کی سزا سنائی۔ احتساب عدالت کی جانب سے 173صفحات پر مشتمل فیصلہ میں شریک ملزم حسین اور حسن نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے شریف فیملی کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ یہ سزائیں فرد جرم میں شامل نیب آرڈیننس کی شق 9اے 5 کے تحت آمدن سے زائد اور بے نامی دار کے نام پر جائیداد بنانے پر سنائی گئیں۔ ملزمان سزا پوری کرنے کے بعد 10 سال تک کوئی سرکاری عہدہ رکھنے یا الیکشن لڑنے کے لیے اہل نہیں رہے۔
عدالت نے مریم نواز کی ٹرسٹ ڈیڈ جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے والد کے جرم میں معاونت کی ہے۔ فیصلے کے متن میں کہا گیا کہ نوازشریف یہ نہیں کہہ سکتے کہ انہوں نے بچوں کو رقم نہیں دی، حسن نواز کے انٹرویو کے مطابق بھی ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ان کے زیر استعمال رہے، عام طور پر بچے والدین کے ہی زیر کفالت ہوتے ہیں۔ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس 1993ء سے 1996ء تک کے عرصے کے دوران آف شور کمپنیز نیلسن اور نیسکول کے ذریعے خریدے گئے اور 2006ء سے قبل نواز شریف ان کمپنیوں کے بینی فیشل اونر رہے، مذکورہ دونوں کمپنیوں کی ملکیت اسی سال مریم نواز اور اس کے بھائیوں کو منتقل کی گئی۔ اس فیصلے کو سنانے کی ایک اور اہم بات یہ تھی کہ اسے ایک ہی روز میں 5 بار موخر کیا گیا یعنی 11 بجے کے بجائے مختلف وقت بتاتے ہوئے اس فیصلے کو شام ساڑھے 4 بجے سنایا گیا، جس کی وجہ رجسٹرار احتساب عدالت کی جانب سے فیصلے کی فوٹو کاپیوں میں تاخیر کو قرار دیا گیا۔
اس فیصلے کی وجہ سے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر عام انتخابات میں حصہ نہ لے سکے، کیوں کہ انہیں 10سال کے لئے نااہل کر دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو نے سپریم کورٹ کے 28جولائی 2017ء کے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں میاں نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) محمد صفدر، حسن اور حسین نواز کے خلاف 8 ستمبر 2017ء کو عبوری ریفرنس دائر کیا، جس کی پہلی سماعت 14 ستمبر 2017ء کو ہوئی اور مجموعی طور پر 107سماعتوں کے بعد کیس کا فیصلہ 3 جولائی کو محفوظ کیا گیا، اس دوران 78 بار نواز شریف جبکہ 80 بار مریم نواز عدالت پیش ہوئیں۔
ایتھوپیا اور اریٹیریا کے 20سالہ تنازعات حل
9 جولائی کو ایتھوپیا اور اریٹیریا نے باضابط طور پر اپنے 20 سالہ سرحدی تنازعات کے خاتمے کا اعلان کیا۔ ایتھوپیا اور اریٹیریا کے مابین 6 مئی 1998ء سے سرحدی تنازعات چل رہے تھے، جس کی وجہ سے دونوں ممالک کو مالی و جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ یکم مارچ 1999ء کو ایک موقع پر ایتھوپیا نے اریٹیریا پر فتح کا بھی اعلان کیا، تاہم یہ دعویٰ زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکا۔ بعدازاں دونوں ممالک کی بالغ نظری اور دوست ممالک کی مداخلت سے 6 جولائی 2018ء کو دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدہ ہوگیا، جس کے بعد ان کے درمیان سفارتی تعلقات بھی بحال ہوگئے۔
عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکا
10 جولائی کو پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں اے این پی کے امیدوار و معروف سیاست داں بشیر بلور مرحوم کے بیٹے ہارون بلور سمیت 22 افراد شہید جب کہ درجنوں شدید زخمی ہوگئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خود کش حملہ آور کا نشانہ ہارون بلور تھے، دھماکے میں 10کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
غار میں پھنسے تھائی فٹبالر
10 جولائی کو غار میں 18روز سے پھنسے تھائی فٹبالر بچوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ 11 سے 16 سال کی عمر کے 12 بچے اور ان کے 25 سالہ کوچ 23 جون کو لاپتا ہوگئے تھے۔ کہا گیا تھا کہ وہ شمالی صوبے چیانگ رائی کے غاروں میں داخل ہوئے تھے لیکن اچانک بارش کے سبب وہیں پھنس کر رہ گئے۔ لاپتا ہونے کے نو دن بعد دو جولائی کی شام دو برطانوی غوطہ خور بچوں تک پہنچنے میں کام یاب ہوئے جنہیں وہ غار کے دہانے سے تقریبا چار کلو میٹر کے فاصلے پر چٹان پر بیٹھے ملے تھے۔
نیٹو کا سربراہی اجلاس
11اور12جولائی کو بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں نیٹو کا سربراہی اجلاس منعقد ہوا، جس میں نیٹو کے تمام رکن ممالک نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیٹو کے فوجی بجٹ اور افغانستان میں نیٹو کی فوجی موجودگی کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مستونگ خودکش دھماکے میں 131 افراد شہید
13 جولائی کو بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دری نگڑھ میں بلوچستان عوام پارٹی کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی و سابق وزیراعلٰی بلوچستان اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی کے قافلے میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 131افراد جاں بحق جب کہ ڈیڑھ سو زخمی ہوگئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 16 سے 20کلو گرام دھماکاخیز مواد استعمال کیا گیا۔ دوسری طرف اسی روز دوسرا دھماکا خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ہوا، جس میں دو بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ 4 پولیس اہل کاروں اور 2 خواتین سمیت 35 افراد زخمی ہوگئے۔ حملہ آوروں کا نشانہ سابق وزیراعلی اکرم خان درانی تھے، جو اپنے انتخابی جلسہ میں شرکت کے بعد کارکنوں کے ہمراہ قافلہ کی شکل میں جا رہے تھے کہ راستے میں سڑک کنارے کھڑی موٹرسائیکل میں نصب بم دھماکا سے پھٹ گیا۔ واضح رہے کہ اکرم خان درانی پر ہونے والا یہ پانچواں حملہ تھا۔
یورپی یونین اور جاپان کے مابین آزاد تجارتی معاہدہ
17جولائی کو یورپی یونین اور جاپان کے مابین ایک غیرمعمولی آزاد تجارتی معاہدہ ہوا۔ حکام کے مطابق اس اہم تجارتی ڈیل کے نتیجے میں دنیا کا سب سے بڑا تجارتی بلاک وجود میں آئے گا۔ معاہدہ میں وعدہ کیا گیا ہے کہ جاپان اور یورپی یونین ایک دوسرے کی برآمدات پر 99 فی صد تک وہ محصولات ختم کردیں گے، جن کی دونوں کے مابین موجودہ سالانہ مالیت قریب ایک بلین یورو بنتی ہے۔ جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے اس ڈیل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت دنیا پر واضح کرتی ہے کہ جاپان اور یورپی یونین اپنے غیرمتزلزل عزم کے باعث آزاد تجارت کے چیمپئن بن چکے ہیں اور وہ بھی ایک ایسے وقت پر جب دنیا میں تجارتی شعبے میں اقتصادی تحفظ پسندی کی سوچ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس معاہدہ سے یورپی یونین اور جاپان کے 6 سو ملین شہری فائدہ اٹھا سکیں گے جب کہ اس تجارتی بلاک کی مجموعی اقتصادی پیداوار دنیا کی مجموعی اقتصادی پیداوار یا جی ڈی پی کے قریب ایک تہائی کے برابر ہو گی۔
یونان کے جنگلات میں آتشزدگی
24 جولائی کو یونان کے ساحلی علاقوں سے متصل جنگلات میں ملکی تاریخ کی بدترین آتشزدگی کے باعث 91 افراد ہلاک جب کہ سیکڑوں زخمی اور کئی لاپتا ہوگئے۔ آتشزدگی سے سیکڑوں عمارتیں اور گھر راکھ کا ڈھیر بن گئے۔
عام انتخابات 2018ء
ملکی تاریخ کے گیارہویں عام انتخابات 25جولائی 2018ء کو منعقد ہوئے، جن میں پہلی بار پاکستان تحریک انصاف اکثریتی پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آئے۔ ساڑھے 10 کروڑ سے زائد ووٹرز نے ان انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ قومی اسمبلی کی کل 272 میں سے 270 اور صوبائی اسمبلیوں کی 577 نشستوں پر تقریباً ساڑھے 15ہزار امیدواروں نے الیکشن لڑا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف نے 116، ن لیگ 64 جب کہ پیپلزپارٹی نے 43 نشستیں حاصل کیں۔
اسی طرح صوبائی اسمبلیوں کی بات کی جائے تو پنجاب میں 295 نشستوں پر الیکشن ہوا، جس میں سے ن لیگ نے 129 جب کہ پی ٹی آئی نے 123 سیٹوں پر کامیابی سمیٹی۔ سندھ اسمبلی کے 129 حلقوں کے نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی ایک بار پھر سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر لوٹی، جس نے صوبائی اسمبلی کی 76 سیٹوں پر ہاتھ صاف کیا۔
خیبرپختونخوا میں ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا، جہاں تاریخ میں پہلی بار عوام نے تحریک انصاف کو دوسری باری دی، یہاں تحریک انصاف نے کل 97 میں سے 66 نشستوں پر کامیابی کا جھنڈا گاڑا۔ آبادی کے اعتبار سے ملک کے سب سے چھوٹے صوبے بلوچستان کی بات کی جائے تو یہاں صوبائی اسمبلی کی 50 نشستوں میں بلوچستان عوامی پارٹی نے سب سے زیادہ 15، تحریک انصاف نے چار، ن لیگ نے ایک، متحدہ مجلس عمل نے 9 اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے 6 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے ڈالے گئے ووٹوں کا ٹرن آؤٹ 51.85 فی صد رہا۔ یوں ہی پنجاب میں 55.09، سندھ 48.11، خیبرپختونخوا 45.52 جبکہ بلوچستان میں ووٹوں کا ٹرن آؤٹ 44.79 فیصد رہا۔ انتخابی نتائج کے بعد وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف، سندھ میں پیپلزپارٹی جب کہ خیبرپختونخوا میں بلوچستان عوامی پارٹی کی مخلوط حکومت قائم ہوئی۔
کوئٹہ خود کش دھماکا
ملکی کی سیاسی تاریخ کے اہم ترین دن بھی بدقسمتی نے اس قوم کا پیچھا نہیں چھوڑا۔ عام انتخابات کے روز کوئٹہ میں تعمیر نو کمپلیکس میں قائم پولنگ اسٹیشن میں خودکش دھماکا ہوا، جس نے 32 افراد کی زندگی چھین لی جب کہ 84 زخمیوں کو عمر بھر کا روگ دے دیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے پولنگ سٹیشن کے اندر گھسنے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر اس نے پولنگ سٹیشن کے باہر ہی خود کو اڑا لیا۔ دھماکے میں 6 سے 8کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔
مریخ پر پانی کی جھیل دریافت
25 جولائی کو ’’سائنس‘‘ نامی امریکی جریدے میں اطالوی سائنس دانوں نے انکشاف کیا کہ مریخ پر پانی کی جھیل موجود ہے، جو تقریباً 20 کلومیٹر طویل اور مریخ کے قطب جنوبی پر جمی برف کے ڈیڑھ کلومیٹر نیچے موجود ہے۔ محققین کو امید ہے کہ وہ اب سرخ سیارے پر زندگی کی موجودگی کے بارے میں سوالات کے جواب تلاش کرسکیں گے۔ سائنس دانوں کا خیال ہے کہ مریخ پر پانی کی موجودگی سے اب وہاں جانے یا رہنے والے خلانوردوں کو کسی حد تک آسانی ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ امریکی خلائی ادارہ ’’ناسا‘‘ 2030ء میں اپنا انسان بردار خلائی مشن مریخ پر اتارنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
مکمل چاند گرہن
27 جولائی اور 28 جولائی کی درمیانی شب پاکستان سمیت دنیا بھر میں صدی کا طویل ترین چاند گرہن دیکھا گیا، جس کا دورانیہ ایک گھنٹہ 43 منٹ تھا۔ ماہرین کے مطابق ایک مکمل گرہن کو ابتدا سے اختتام تک پہنچنے میں تقریبا 4 گھنٹے لگتے ہیں۔
’’ایپل‘‘ بحیثیت نمبر ون ڈیجیٹل الیکٹرانک کمپنی
2 اگست کو معروف زمانہ ڈیجیٹل الیکٹرانک کمپنی ایپل (Apple) کی مارکیٹ ویلیو ایک ٹریلین (ایک کھرب) ڈالر تک پہنچ گئی، جس کے بعد اسے سب سے بڑی امریکی پبلک کمپنی بننے کا اعزاز حاصل ہو گیا۔ کمپنی کے شیئرز میں سب سے زیادہ اضافہ اس وقت شروع ہوا جب کمپنی کو جون کی سہ ماہی میں امید سے زیادہ منافع ہوا اور اس نے اپنے 20 ارب ڈالر کے شیئرز خود خرید لیے۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس اپیل کا منافع 229 ارب ڈالر تھا، جس نے اسے سب سے زیادہ منافع والی پبلک کمپنی بنا دیا تھا۔
ایران پر امریکی پابندیاں دوبارہ نافذ
7 اگست کو امریکا نے ایران پر پابندیوں کو نئے سرے سے بحال کردیا، جن کے مطابق پہلے مرحلے میں امریکی بینک نوٹس، کار اور کارپٹ انڈسٹری تک ایرانی رسائی کو پابند کیا جائے گا، ان پابندیوں کا نفاذ اسی روز سے شروع ہو گیا جب کہ دوسرا فیز 5نومبر سے قابل عمل ہو گا، جس میں ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی لگائی جائے گی۔
بھارتی ریاست کیرالہ میں صدی کا بدترین سیلاب
بھارتی ریاست کیرالہ میں 10سے 20 اگست تک جاری رہنے والی شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ساڑھے 3 سو سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ سیلاب اور بارش نے 100سالہ ریکارڈ توڑدیا۔ کیرالا میں سوا 3 لاکھ متاثرین کو کیمپوں میں رکھا گیا۔
بحیرۂ کیسپیئن کی قانونی حیثیت کا تاریخی معاہدہ
12 اگست کو روس، ایران، قزاقستان، آذربائیجان اور ترکمانستان کے مابین 20 سال پرانا بحیرہ کیسپیئن تنازع حل ہوگیا، پانچوں ممالک نے اس سمندر کی قانونی حیثیت کے تاریخی معاہدے پر دستخط کردیے۔ قزاقستان کے صدر نور سلطان نذر بایوف کے مطابق اس اتفاق رائے تک پہنچنا ایک مشکل کام تھا۔ سوویت یونین کے خاتمے کے ساتھ ہی بحیرہ کیسپیئن میں موجود قدرتی ذخائر کے حوالے سے 5 ممالک میں تنازع پیدا ہو گیا تھا۔
پُل گر گیا
14اگست کو اٹلی کے شمالی شہرگینوا میں پل گرنے سے 35 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ کئی گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں۔ رپورٹ کے مطابق پل گرنے سے اے ٹین موٹروے کا سو میٹر کا حصہ بھ تباہ ہو گیا اور 3سو فٹ کا گڑھا پڑگیا۔
پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کی تقریب حلف برادری
18 اگست کو وطن عزیز کے گیارہویں عام انتخابات کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 22 سالہ سیاسی جدوجہد کے بعد ملک کے 22ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں نومنتخب وزیراعظم سے حلف لیا۔
ایشین گیمز
18اگست کو انڈونیشیا میں ایشین گیمز کے 18ویں میلے کا افتتاح ہوا، جس میں 45ایشیائی ممالک کے 18 ہزار ایتھلیٹس اور آفیشلز نے شرکت کی۔
آسٹریلوی وزیراعظم کا انتخاب
24 اگست کو آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بل کہ جبری استعفے کے بعد حکم راں جماعت نے اسکاٹ موریسن کو ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کیا۔ آسٹریلیا میں گذشتہ چند سال کے دوران سیاسی عدم استحکام کے باعث کوئی وزیراعظم اپنی 3 سالہ آئینی مدت پوری نہ کرسکا اور ٹرن بل 10 سال کے دوران آسٹریلیا کے چوتھے وزیراعظم ہیں، جنھیں اپنے ہی ساتھیوں کی جانب سے عہدے سے ہٹایا گیا۔ وزارت عظمیٰ کے لیے وزیرخزانہ اسکاٹ موریسن اور سابق کابینہ کے وزیر پیٹرڈٹن کے درمیان مقابلہ ہوا اور انٹرنل پولنگ کے ذریعے نئے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ خفیہ رائے شماری کے ذریعے نئے وزیراعظم کے لیے 45 اراکین اسمبلی نے اسکاٹ موریسن کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 40 ووٹ پیٹر ڈٹن کو ملے۔
برازیل کے 2سو سال پرانے میوزیم میں آتشزدگی
2ستمبر کو برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں قائم 2 سو سال قدیم قومی عجائب گھر میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے ساری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ قومی عجائب گھر میں قدیم نوادرات کی 2 کروڑ اشیاء شامل تھیں۔ برازیلی صدر مائیکل ٹیمر نے اس واقعے کو برازیل کا افسوس ناک دن قرار دیا۔ واضح رہے کہ یہ میوزیم کبھی پرتگال کے شاہی خاندان کی رہائش گاہ ہوا کرتا تھا اور رواں سال کی ابتداء میں اس کی تعمیر کا 2سو سالہ جشن منایا گیا تھا۔
صدارتی انتخابات
4 ستمبر کو پاکستان کا 13واں صدارتی الیکشن ہوا، جس میں تحریک انصاف کی طرف سے عارف علوی، ن لیگ اور ہم خیال جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمن جب کہ پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن نے حصہ لیا۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مجموعی طور پر 430 ارکان نے ان انتخابات میں حصہ لیا۔ ڈالے گئے ووٹوں کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی نے 212، ن لیگ و اتحادی جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمن نے 131 اور پیپلزپارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن نے 881 ووٹ حاصل کیے جب کہ 6 ووٹ مسترد کر دیے گئے۔
سندھ اسمبلی میں 163 میں سے 158 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا، جن میں سے اعزاز احسن کو 39، عارف علوی کو22، مولانا فضل الرحمن کو ایک ووٹ ملا۔ بلوچستان اسمبلی کے 61 میں سے 60 ارکان نے اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ دیا اور نتائج کے مطابق یہاں سے عارف علوی نے 45، مولانا فضل الرحمن نے 15جبکہ اعتزاز احسن کوئی ووٹ حاصل نہ کر سکے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں 112 ارکان میں سے 111 نے ووٹ کاسٹ کیا، جن میں سے عارف علوی کو 41، مولانا فضل الرحمن کو 26 اور اعتزاز احسن کو 5 الیکٹورل ووٹ ملے جبکہ 2 ووٹ مسترد ہوئے۔ پنجاب اسمبلی میں 354 میں سے 351 ارکان نے ووٹ کاسٹ کئے، جن میں سے 18ووٹ مسترد ہو گئے۔ پنجاب اسمبلی میں سے مجموعی طور پر عارف علوی نے 186، مولانا فضل الرحمن نے 141 جب کہ اعتزاز احسن نے صرف 6 ووٹ حاصل کئے۔ یوں مجموعی طور پر تحریک انصاف کے عارف علوی نے 353، ن لیگ و حمایتی جماعتوں کے مولانا فضل الرحمن نے 185 جب کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن نے 124 الیکٹورل ووٹ حاصل کئے۔
بھارت میں ہم جنسی پرستی قانونی قرار
6 ستمبر کو بھارتی سپریم کورٹ نے ہم جنس پرست طبقے کی حامی تنظیموں اور افراد کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے ہم جنس پرستی کو قانونی قرار دے دیا۔ پانچ ججوں پر مشتمل بنچ نے اتفاق رائے سے فیصلہ کرتے ہوئے حکم دیا کہ اس فیصلے کی نقول تمام تھانوں اور پولیس چوکیوں میں بھی تقسیم کی جائیں تاکہ وہ ہم جنس پرستوں کے حقوق پامال کرنے سے باز رہیں۔ دوسری طرف بھارتی حکومت پہلے ہی کہہ چکی تھی کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست نہیں کرے گی۔ یاد رہے کہ بھارتی آئین کی دفعہ 377کے مطابق مردانہ ہم جنس پرستی کا ارتکاب ثابت ہو جانے پر 10سال قید بامشقت تک کی سزا رکھی گئی تھی، کیوں کہ یہ عمل فطرت کے خلاف ہے۔
شمالی کوریا میں شدید سیلاب
شمالی کوریا میں شدید سیلاب کے باعث 76افراد ہلاک جب کہ 80 سے زائد لاپتا ہوگئے، جن میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ شمالی اور جنوبی ہوانگھائی صوبوں میں شدید بارشوں کے سبب آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے کی وجہ سے 8 سو سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا جب کہ ہزاروں لوگ گھروں سے بے گھر ہو گئے۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی سزا معطل
19ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں دی گئی سزائیں معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔
کشتی الٹنے سے 228 افراد ہلاک
20 ستمبر کو وکٹوریہ جھیل میں ایم وی نییرے نامی کشتی الٹنے سے 228 مسافر ہلاک ہو گئے۔ یہ کشتی اوکیریوے اور یوکارا کے جزائر کے درمیان میں سفر کر رہی تھی۔ اس ضمن میں سرکاری عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کشتی کے الٹنے کے وقت اس میں 400 سے زائد افراد سوار تھے، جو اس کی گنجائش سے چار گنا زیادہ تھے۔ واقعے کے وقت مسافر کی ریکارڈنگ کرنے والا آلہ ناکارہ ہو گیا تھا جس کی وجہ سے مسافروں کی درست تعداد کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ تنزانیہ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کم از کم 228 لوگ کشتی الٹنے کے نتیجے میں مارے گئے، تاہم مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، کیوں کہ کئی مسافر تاحال لاپتا ہیں۔
ایران میں فوجی پریڈ پر حملہ
ایران کے صوبہ اہواز میں ہفتہ دفاع کے دوران 22 ستمبر کو فوجی پریڈ پر 4دہشت گردوں کے حملہ میں فوجیوں سمیت 29 افراد جاں بحق جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 70سے زائد زخمی ہو گئے۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور مارے گئے۔ ایرانی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایرانی فورس ’’پاسداران انقلاب‘‘ کے 12 اہل کار، ایک صحافی اور خواتین شامل تھیں۔ دوسری جانب جمہوری عرب تحریک نامی ایک تنظیم اور داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ فوجی وردیوں میں ملبوس دہشت گردوں نے اسٹیج کے پیچھے سے فوجیوں پر فائرنگ کی تو بھگدڑ مچ گئی۔ فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان تقریباً 10 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ایران نے اس حملے کا الزام سعودی عرب پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ غیرملکی عسکریت پسندوں نے کیا، جنہیں سعودی عرب کی حمایت حاصل تھی، جب کہ دوسری طرف سعودی عرب نے اس الزام کا کوئی جواب نہیں دیا۔ حملے کے بعد ایران نے عراق کے ساتھ اپنے دو سرحدی راستے بھی بند کر دیے۔
انڈونیشیا میں زلزلہ
28 ستمبر کو انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی اور شہر پالو میں آنے والے زلزلہ کے بعد سونامی کی وجہ سے مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد افراد جاں بحق، 44 سو شدید زخمی، ہزاروں لاپتا جب کہ 68ہزار گھر تباہ ہوئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7.5 پائی گئی، جو زیرزمین 10کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
The post ہر وہ لمحہ ۔۔۔ جو یاد بنا، تاریخ ہوا (جولائی تا ستمبر 2018ء ) appeared first on ایکسپریس اردو.