مختلف پہناوؤں اور ان کی تراش خراش ہماری شخصیت کو چار چاند لگا دیتی ہے اور حُسن کو جلا بخشتی ہے۔
لباس کی تراش خراش اگر ہمارے قد وقامت سے ہم آہنگ ہو تو دیکھنے والوں کی نگاہیں ٹھہرتی ضرور ہیں۔ ملبوسات کی کچھ اقسام ہمارے جثے پر اس قدر عمدگی سے جچتی ہیں کہ گویا خزاں کے موسم میں بھی بہار آجائے۔ لونگ شرٹس یا لمبی قمیصوں پر بھی یہ بات صادق آتی ہے ۔ یہ نہ صرف طویل قامت لڑکیوں پر خوب جچتی ہے، بلکہ عام قد کی لڑکیوں پر بھی خاصی بھلی معلوم ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ لمبی قمیص زیب تن کرنے سے دیکھنے والوں کو قد کی کمی بھی معلوم نہیں ہوتی۔ موسم کی بدلتی رتوں کے باوجود خواتین کے لباس کی وہی ریت جاری ہے، یعنی موسم گرما کے بعد سرما کی آمد کے موقع پر بھی لونگ شرٹس کا رواج اسی طرح ہی جاری ہے۔ اگرچہ کپڑوں کی بُنت اور ساخت میں موسم کے لحاظ سے مناسب تبدیلی آگئی ہے، جو کہ ہمیں سرد موسم کی شدت سے محفوظ رکھنے میں معاون ہو گی۔