برج حمل
سیارہ مریخ، 21 مارچ تا20اپریل
آپ کا سیارہ مریخ سفر کے خانے میں مشتری کے ساتھ ہے پیر اور منگل سفر ہوسکتا ہے، آپ کے اعصاب پر جلدبازی سوار ہوسکتی ہے، کوئی ان دیکھا خوف اور ذہنی تردد بھی ہوسکتا ہے، کسی فکر کی وجہ ذہنی تناؤ کے ساتھ الجھاؤ والی کیفیت ہوسکتی ہے۔ ایسے وقت میں کسی سے وعدہ یا معاہدہ کرنے سے قبل نظرثانی ضرور کرلیں۔ یہ وقت ایسا ہے کہ ماضی کی کوئی غلطی (زبانی یا تحریری) تازہ ہوکے کچھ پریشان کرسکتی ہے۔
برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21 اپریل تا 20 مئی
اس ہفتے کسی اجنبی یا بیرون ملک کسی شخص سے آپ کو ایک اچھا مالی فائدہ ہوسکتا ہے، لیکن اس مالی فائدے کے ساتھ کوئی ایسی شرط یا معاملہ ضرور ہوسکتا ہے جو آپ کے لیے قبول کرنا آسان نہ ہو۔ اس ہفتے کی جمعرات اور جمعہ کافی پُرسکون دن ہیں، لیکن اگلے دو دن ہوسکتا ہے کیریئر کے حوالے سے جاری ایک تناؤ میں نئی جان پڑ جائے۔ اس وقت محتاط رہیں، جلدبازی میں کوئی فیصلہ نہ لیں!
برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
آپ کا سیارہ ایسی حالت میں ہے جس میں زیادہ غوروفکر اور خامیاں نکالنے کی صلاحیت متحرک ہے۔ تجزیہ کرنا اور تنقید ایک خوبی مانی جاتی ہے لیکن یہاں آپ کا لہجہ اور رویہ کچھ جذباتی اور سختی کا حامل ہوسکتا ہے، ایسی کیفیت پر قابو رکھیں۔ اس ہفتے مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ اس ہفتے کے آخر دو ایام میں ممکن ہے بیرون ملک سفر کے لیے ارادہ یا کوشش ہو۔
برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
بیرون ملک یا آن لائن کسی ادارے کے ساتھ معاہدے ہوتے ہوتے آخری لمحات میں منسوخ ہونے کا اندیشہ موجود ہے یا آپ کے اندر کوئی وہم یا سوچ آپ کو خود ہی ایک قدم پیچھے ہٹنے پر مجبور کردے گی۔ بہرحال یہاں آپ خود کو مضبوط رکھیں۔ فیصلہ پہلے ہی کرلیں اور پھر وقت آنے پر اْس پر جم جائیں، اسی میں کام یابی ہے، لیکن اگر آپ اس معاہدے کو دو ہفتوں کے لیے ملتوی کرسکیں تو یہ زیادہ بہتر ہے۔
برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
شریکِ حیات کی صحت متاثر نظر آرہی ہے۔ یہاں تعلق میں بگاڑ بھی ہوسکتا ہے۔ ایسی بیماری جو ہڈیوں سے متعلق ہے اور موروثی (خاندانی) ہے لاحق ہوسکتی ہے۔ بزرگوں اور چھوٹے بھائی سے وابستہ امیدیں 75 فی صد پوری ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔ ہوسکتا ہے ان سے کچھ اختلاف کی وجہ سے وہ سب کچھ آپ نہ پاسکیں جس کی امید رکھتے ہیں۔
برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا طالع کا مالک سیارہ عطارد اگرچہ سست رو ہے لیکن طالع میں آچکا ہے اور کیریئر کے خانے میں مشتری، چاند اور مریخ کا یک جا ہونا بتاتا ہے کہ کیریئر میں بہتر مواقع مل سکتے ہیں۔ ہوسکتا ہے سوشل میڈیا سے وابستہ کوئی کام مل جائے! تعلقات میں کچھ سردمہری اور کچھ تناؤ سا ہوسکتا ہے لیکن اگر آپ کے ذاتی چارٹ میں زحل اچھا ہے تو امید کی جاسکتی ہے یہ تعلق اور گہرے ہوں گے۔ ساتھی کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔
برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23 اکتوبر
ہفتے کی ابتدا ہی میں بیرون بیرون ملک سفر ہوسکتا ہے، اگر آپ سفر کررہے ہیں تو اپنے ضروری کاغذات اپنے پاس تسلی سے رکھ لیں اگر ان میں کسی بھی طرح کی خامی ہے تو اگلے چند روز میں اس کی پکڑ ہوسکتی ہے۔ آپ کا سیارہ امیدوں کے سیارے کے ساتھ ہے۔ محبوب کی جانب بھرپور نظریں بھرپور فائدہ نہیں دیں گی کچھ کمی سی رہ جائے گی۔ اس ہفتے کیریئر کے حوالے سے کوئی بہتری اور عزت فزائی کے کلمات سننے کو مل سکتے ہیں۔
برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
آپ کا سیارہ آپ کو بھائی کی جانب سے فکرمند رکھتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ ابتدائی تین ایام میں آپ زیادہ سوچنے کی وجہ سے کچھ گرم مزاج ہوسکتے ہیں۔ ایسی کیفیت پیدا نہ ہونے دیں، وراثتی اور انشورنس کے کاموں سے فائدہ ہوسکتا ہے۔ کوئی دوست اس سلسلے میں اچھی معاونت کرسکتا ہے۔ اس ہفتے ایک رفیقِ کار آپ سے حسد کی آگ میں جلنے کی وجہ سے آپ کے وقار کے آسمان پر کیچڑ اچھال سکتا ہے، لیکن کہاوت ہے کہ جو آسمان پر کیچڑ پھینکتا ہے اسی پر گرتا ہے۔
برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبر تا 22 دسمبر
شریکِ حیات کا ہوائی سفر بسلسلہ ملازمت ہوسکتا ہے۔ اس سلسلے کا سارا فائدہ آپ کو ہونا ہے، کیوںکہ آپ کے مقدر کا سورج چمک رہا ہے۔ یہاں پیر کے روز ساتھی کے ساتھ کسی بات پر اختلاف ہوسکتا ہے۔ یہاں پرانی کوئی بات پرانے دکھ ہرے کرسکتی ہے۔ ہوسکتا ہے ساتھی اپنی شرائط آپ سے منوانا چاہتا ہو۔کسی معاہدے پر فوری دستخط کرنے سے گریز بہتر ہے۔
برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
گھر /پلاٹ یا رہائش گاہ کی تبدیلی ہوسکتی ہے یا اس کی وجہ سے بہن بھائیوں کے مابین گرماگرمی اور توتو میں میں ہونے کا اندیشہ موجود ہے۔ ذہنی تناؤ اور دباؤ محسوس ہوسکتا ہے، اسپتال جانا پڑسکتا ہے یا آپ خود کو تنہا محسوس کرسکتے ہیں۔ کوشش کریں کہ خود کو مثبت اور اپنی توانائی بحال رکھ سکیں۔
برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
آپ کا سیارہ آخری درجات سے گزر رہا ہے جب کہ پلوٹو راجع ہے۔ آپ کے وہ کام جو رک گئے تھے ان میں پھر سے جان پڑ رہی ہے۔ اولاد اور محبوب سے وابستہ امیدیں پوری ہوسکتی ہیں۔ رکے ہوئے کام یا ہاتھ سے نکلا ہوا کوئی معاملہ پھر سے آپ کی گرفت میں آسکتا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ اس ہفتے کوئی پرانی کہانی پھر سے روانی میں آجائے، ماضی حال کا حصہ بن جائے۔
برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
آپ مکان یا نئی سواری کے حصول میں کافی کوشاں دکھائی دیتے ہیں، ہوسکتا ہے سلسلے میں آپ کو کام یابی مل جائے۔ وہ مکان ہو یا سواری اس کی قانونی اور کاغذی کارروائی سب سے پہلے مکمل اور اس بارے میں کامل تسلی کرلیں، کیوںکہ یہاں دھوکا یا کوئی ایسی اہم بات نظر سے اوجھل ہوسکتی ہے جو جب سامنے آئی تو سر چکرا کے رہ جائے گا۔
The post علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ appeared first on ایکسپریس اردو.